اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے قیام کا مقصد تطہیر افکار ،تعمیر افکار ،اصلاح معاشرہ اور اصلاح حکومت ہے،اور اللہ کی رحمت سے جماعت اسلامی گزشتہ 83 سالوں میں اپنے اس عظیم مقصد کی تکمیل کے لیے اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے۔اخلاص اور للہیت کی وجہ سے کم افراد اور کم سرمایہ سے شروع ہونے والی یہ تحریک آج کئی ممالک میں اپنے مخلص کارکنان کے ذریعے دعوت دین اور خدمت میں مصروف ہے۔جماعت اسلامی کی تمام تر جدوجہد اسی آفاقی نظام کے لیے ہے،جس کے لیے انبیا مبعوث کیے گئے
ان خیالات کا اظہار ناظمہ صوبہ پنجاب شمالی حلقہ خواتین جماعت اسلامی ثمینہ احسان، ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید اور ناظمہ ضلع راولپنڈی فوزیہ غنی نے یوم تاسیس جماعت اسلامی کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ کارکنان جماعت اسلامی کو اچھی طرح یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ جس مشن کے لیے اللہ سے عہد کر کے وہ میدان میں نکلے ہیں،وہ انبیا کا مشن ہے ،اس مشن کی تکمیل کے لیے جان و مال کی نذرانے بھی دینے ہونگے اور اپنا بہترین وقت بھی لگانا ہوگا۔نصرت ناہید نے کہا کہ جماعت کے قیام سے اب تک کے سفر میں کارکنان جماعت نے بیشمار قربانیاں پیش کی ہیں،جس کے نتیجے میں اس مقدس مشن سے جڑ جانے والے افراد آج دنیا کے کونے کونے میں موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی اپنی پرخلوص جدو جہد کے باعث عوام میں پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے عہد کی تجدید کرتے ہوئے اس باطل نظام کی اصلاح کے لیے آج بھی جہد مسلسل کے ذریعے اپنی آواز کو ہر عام و خاص تک پہنچانا ہوگا تاکہ اس ظالمانہ نظام کی بوسیدہ جڑیں اکھڑ جائیں اور سب سے بہترین ،پائیدار اور امن دینے والا نظام قائم ہو جائے۔ناظمہ ضلع راولپنڈی فوزیہ غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے،مہنگائی اور بد امنی جیسے مسائل کا حل یہی ہے کہ عوام اپنے حقوق کے لیے جماعت اسلامی کی حق دو عوام کو تحریک کا حصہ بنیں#