لاہور(صباح نیوز)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اور تاجربرداری، نااہل حکومت کی ناقص پالیسیوں کی سزا بھگت رہی ہے ،ظالمانہ ٹیکسز کے نفاذ، بجلی گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ، آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں ، تاجر دشمن اسکیم کے خلاف 28اگست کو کراچی سے خیبر تک مکمل شٹر ڈائون ہڑتا ل ہو گی ۔ ملک گیر مشاورت کر رہے ہیں کہ اگر 28 اگست کی شام تک حکومت نے ٹیکسز واپس نہ لیئے تو اگلی حکمت عملی کا اعلان کریں گے اور ہم دو دن کی ہڑتال کی طرف بھی جا سکتے ہیں اور اس بات پر غورکر رہے ہیں کہ غیر معینہ مدت کیلئے پاکستان کے شٹر اور صنعتوں کو بند کر دیں اس لئے کہ جب صنعت چل ہی نہیں رہی جب ویسے ہی لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں اورہم ملازمین کو نکال رہے ہیں تو دکانوں کو کھل رہنے اور صنعتوں کو چلانے کی کوئی ضروورت نہیں ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں حالات کی نزاہت کو سمجھیں اور آئی ایم ایف کے بہانوں سے نکل کر زمینی حقائق کے مطابق فیصلے کریں تاجر پرامن ہیں اور ہمیشہ پر امن احتجاج کرتے ہیںاگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو بصورت دیگر لاوا پک رہا ہے جس کے نتائج خطرناک ہو نگے ان خیالات کا اظہار انہوںنے خیبر پختونخوا کے ہنگامی دورے کے بعد لاہور میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
پریس کانفرنس کے دوران لاہور سمیت پنجاب کی تمام تاجر تنظیموں نے 28اگست کو ملک گیر شٹر ڈاون ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور پنجاب بھر میں چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں میں کاروبار بند کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پرانجمن تاجران قائداعظم گروپ لاہور کے میاں وقار ، ملک امانت ، ملک کلیم ،ناصر انصاری ، ملک فخر حفیظ اورآل پاکستان انجمن تاجران کے بزرگ رہنما اشرف بھٹی ، ظہیر اے بابر ، نعیم بادشاہ ، میاں طارق فیروز،حافظ عطا الرحمن جٹ ،مرکزی تنظیم تاجران لاہور کے صدرسید عظمت علی شاہ ، لالا یاسر، میاں ہارون ، جیولیر ایسوسی کے شہزاد اقبال ،مرکزی تنظیم تاجران وسطی پنجاب کے صدر میاں ادریس ،انجمن آڑھتیاں پنجاب کے صدر رائے احسان منج سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھیں ۔صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی سطح پر تاجر تنظیمیں جس مشن کو لیکر چلی ہیں کہ ملک کی تجارت کو بچانے ، صنعتوں کے پہیے کو چلانے اور معیشت کے تحفظ ،ظالمانہ ٹیکسز کے نظام کو درست کرنے ، آئی پی پیز کے معاہدوں کا از سر نوجائزہ لینے ، بجلی اور گیس کی قیمت کو کم کرنے اور پاکستان کے اندر ڈبوتی ہوئی معیشت کی کشتی کو بھنور کو نکالنے کیلئے 28اگست کو کراچی سے خیبر تک پورے ملک میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال ہوگی اور کاروبار مکمل بند ریں گے ،
لاہور شہر کے تمام قائدین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ زندہ دلان لاہور اور پنجاب جب کسی تحریک کی قیادت کرتا ہے تو وہ تحریک اپنے مقاصد حاصل کرکے ہی دم لیتی ہے ۔پنجاب جب باہر نکلتا ہے تو پورا پاکستان باہر نکلتا ہے ،گزشتہ روز خیبر پختونخوا کا دورہ کیا اور خیبر پختونخوا 28 اگست ک مکمل بند رہے گا اسی طرح پنجاب ، سندھ اور بلوچستان میں بھی مکمل شٹر ڈائون ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں تاجر دوست سکیم کے نام پر ایک سکیم لائی گئی ہم نے پہلے دن سے یہ بات کی یہ تاجر دوست سکیم نہیں ہے بلکہ تاجر دشمن سکیم ہے جس کو کسی صرت نہیں مانتے ، ایف بی آر کرپشن کا گڑھ ہے جو تاجروں اور صنعت کاروں کا خون نچوڑتا ہے ، تاجر اور صنعت کار سب سے زیادہ ٹیکس جمع کراتے ہیں لیکن اس ٹیکس کے پیسے پر ایف بی آر اور حکمران و اشرافیہ عیاشیاں کرتے ہیں ہم نے بہت قربانیاں دی ہیں ہم نے اسی ملک میں رہنا ہے ہمارا جینا مرنا اس ملک کیلئے ہے لیکن اگر پاکستان پر اللہ نہ کرے اگر برا وقت آیا تو یہ سب بھاگ جائیں گے ۔
مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ ملک کی معیشت کو بچانے کیلئے آئی ایم ایف کے در پر جانے کے بجائے زمینی حقائق کو مد نظر رکھنا ہوگا جاگیر داروں پر ٹیکس لگانا ہوگا اور جو ملک کو لوٹ کر بیرون ملک پراپرٹیز بناتے رہے جن کے نام دبئی لیکس میں آئے چاہئے تو جرنیل ہو، بیوروکریٹس یا ججز ان کا احتساب کیا جائے اس کے علاوہ ملک و قوم کو لوٹنے والوں کا محاسبہ کرکے لوٹی دولت واپس لاکر عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے ہمارا مطالبہ ہیکہ نام نہاد تاجر دوست سکیم ختم کی جائے ،آئی پی پیز کے ملک و قوم دشمن معاہدوںکا از سر نو جائزہ لیا جائے ،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ واپس لیاجائے اورٹیکسز کی بھر مار کو ختم کرکے سنگل ٹیکس سسٹم رائج کیاجائے۔ کاشف چوہدری نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے دورے کے دوران پشاور سمیت دیگر شہروں کی تاجر تنظیموں کے عہدیداران سے ملاقاتیں کیں اور 28اگست کو ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اس موقع پر خیبر پختونخوا کی تاجر تنظیموں نے 28اگست کو خیبر پختونخوا میں مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی یقین دہانی کرائی۔ان کا کہنا تھا کہ نام نہاد تاجر دوست سکیم کے تحت ماہانہ ایڈوانس ٹیکس کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ہم نے تاجروں کے حقوق کے تحفظ کا عہد کر رکھا ہے پہلے بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور نہ اب پیچھے ہٹیں گے ۔
انہوںنے کہا کہ ایف بی آر کے لا محدود اختیار واپس لینے ہونگے۔ایف بی آر کے جاری کردہ ایس آر او G۔236 اور h-236 معیشت کے لئے زہر قاتل ہیں ان کو واپس لیا جائے۔ صدر ،وزیراعظم سمیت تمام افسران کو مفت بجلی گیس پٹرول سمیت تمام مراعات اب ختم ہونی چاہئیے اب تاجر اور قوم قربانی نہیں دیں گے اب حکمرانوں اور اشرافیہ کو قربانی دینی ہوگی اور تمام مراعات واپس کرنا ہوگی انہوںنے کہا کہ کراچی کے اندر موجود سوئی گیس کے ٹرمینل گزشتہ د و مہینے کے اندر ایک سو پانچ ارب کی ان کو کیپسٹی پے منٹ دی گئی اس کا بوجھ بھی عوام ،تاجراور صارف اٹھاتا ہے گیس کے ظالمانہ ٹیرف اور اضافی سیکورٹی کی ڈیمانڈ اور اس ظلم کے نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں۔اس موقع پر تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے کہا کہ پورا پنجاب اور لاہور شہر شٹر ڈاون کرے گا ناقص پالیسیوں نے تاجروں صنعت کاروں کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے جب تک ٹیکسز واپس نہیں ہونگے ہم احتجاج کریں گے