لکی مروت(صباح نیوز) خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید ہو گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ برگی کی پولیس موبائل پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او شاکر خان سمیت دو پولیس اہلکار زخمی بھی ہو گئے۔
پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ پولیس اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے اور ان کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ لکی مروت میں رواں سال نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ اور دہشت گرد حملوں کے واقعات میں تیزی آئی جس میں عموما پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش جاتی ہے۔گزشتہ ماہ جولائی میں خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں کرم ٹول پلازہ کے قریب پولیس اہلکارکی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 افرادجاں بحق ہوگئے۔پولیس نے بتایا تھا کہ مقتول کی شناخت سعد اللہ خان تترخیل کے نام سے ہوئی تھی، جو لکی مروت پولیس کے سابقہ ایم ٹی او تھے، جب کہ جاں بحق ہونے والوں بچوں کی عمریں 8 سے 12 سال کے درمیان تھیں جو سعداللہ خان کے بھانجے تھے۔