انسولین کی قیمت میں ا ضافہ،شوگر کے مریضوں کی مشکلات بڑھ گئیں


 سرگودھا(صباح نیوز)سرگودھا اور گردونواح میں انسانی جان بچانے والی ادویات کیساتھ ساتھ انسولین کی قیمت  میں مزید اضافے کی وجہ سے مریضوں کی مشکلات بڑھ گئیں ، انسولین کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث شوگر کے مریض انسولین کے حصول کیلئے سرکاری ہسپتالوں کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں جہاں انہیں انسولین ختم ہونے کی نوید سنائی جارہی ہے جن دکانوں یا میڈیکل سٹور پر انسولین دستیاب ہے وہ من مانے ریٹ پر انسولین فروخت کررہے ہیں۔

ڈرگ انسپکٹر ٹھنڈے کمرے تک محدود ہے اسی طرح اکثر جان بچانے والی ادویات بھی بلیک میں فروخت کی جارہی ہیں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر ز بھی وہ ادویات مریضوں کو لکھ کر دیتے ہیں جو مارکیٹ میں شارٹ ہو ںاور یہ ادویات لکھنے پر انہیں بھاری کمیشن دی جاتی ہے شہریوں نے کہا کہ حکومت چھابڑی ریڑھی والوں کو سبزی کے ریٹ تو دیتی ہے مگر ادویات اور دیگر اشیاکو کنٹرول کرنے کا بھی نظام ان کے پاس ہونا چاہئے ۔