لاہور+اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی کے اسپیکر سردارایازصادق اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔ وفاق،صوبوں میں قریبی رابطے درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے اہم قرار ۔ گورنرسردار سلیم حیدرجمعہ کو اسپیکر سردار ایاز صادق کے گھر گئے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے گورنر پنجاب کا خیر مقدم کیا۔یہاں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پارلیمانی امور سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ پارلیمان موثر قانون سازی کے ذریعے عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے پر عزم ہے۔
سردارایازصادق نے کہا کہ صوبوں اور وفاق کے مابین ہم آہنگی اور رابطوں کا فروغ عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ضروری ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ وفاق اور صوبوں میں قریبی رابطے ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں کلیدی اہمیت کے حامل ہیں، ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے نیک خواہشات کے اظہار پر اسپیکر کا شکریہ ادا کیا ۔گورنر پنجاب نے ایوان کی کارروائی کو غیر جانبداری اور خوش اسلوبی سے چلانے پر اسپیکر قومی اسمبلی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ موثر قانون سازی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ضروری ہے، پارلیمان کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کیلئے کی گئی قانون سازی قابل تعریف ہے۔