فائر وال سے ہونے والا نقصان 30 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرسکتا ہے،سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن کا ردعمل

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن(پاشا) کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ فائر وال سے معیشت کو  ہونے والا نقصان 30کروڑ  ڈالر  سے تجاوز کرسکتا ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں پاشا تنظیم  کا کہنا ہے کہ فائر وال نفاذ  پہلے ہی انٹرنیٹ کے منقطع ہونے کا سبب بنا ہے، فائر وال نفاذ  وی پی این کی خراب کارکردگی کا سبب بنا ہے،

انٹرنیٹ کی سست روی اور  وی پی این کی خراب کارکردگی کاروبار کے بڑے نقصانات کا سبب بنی ہے۔ یہ رکاوٹیں محض تکالیف نہیں، آئی ٹی کی ترقی پر براہ راست حملہ ہیں، ان رکاوٹوں سے تباہ کن مالی نقصان کا تخمینہ 30 کروڑ  ڈالر  سے  بھی  زیادہ ہوسکتا ہے، حکومت سائبرسکیورٹی فریم ورک کے لیے آئی ٹی انڈسٹری سے مشاورت کرے۔