کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن چیئر مین اور یوسی چیئر مین سمیت منتخب بلدیاتی نمائندے محدود اختیارات و سائل کے باوجود عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں ، ہمارے بلدیاتی نمائندوں نے محدود وقت میں شہر میں 90سے زائد پارکس کو از سر نو تعمیر و تزین آرائش کے بعد بحال کر کے عوام کے لیے پیش کیے ۔ یہ پارک پہلے کچرا کنڈی کا منظر پیش کرتے تھے ۔ اب تک 30 ہزار سے زائد اسٹریٹ لائٹس نصب یا درست کر کے کراچی کی گلیوں کو روشن کیا گیا ۔ واٹر اینڈ سیوریج کارپویشن ٹاؤن چیئرمین کے ماتحت نہیں مگر صرف نیو کراچی ٹاؤن میں 10 ہزار گھروں میں پانی پہنچایا گیا۔ہمارا وژن کراچی کی تعمیر وترقی اور اس شہر کو آ گے بڑھانا ہے، جماعت اسلامی اپنی کوشش اور جدوجہد جاری رکھے گی،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناظم آباد ٹاؤن کے تحت یوسی 1پاپوش نگر میں پھول پارک اور یوسی 3میں آئی ون پارک کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ منعم ظفر خان نے پھول پارک میں پودا بھی لگایا ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی سید وجیہ حسن اور ٹائون چیئر مین سید محمد مظفر نے بھی خطاب کیا ۔ پارکوں میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی جس نے جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی کوششوں اور جدو جہد کو سراہا ۔منعم ظفر خان نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو ٹاؤن چیئرمین کے ماتحت کیا جائے تا کہ زیادہ بہتر انداز میں شہریوں کے مسائل حل ہوسکیں۔
انہوں نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کراچی کے نوجوانوں کو تعلیم سمیت ہر میدان میں مواقع فراہم کرتی رہے گی ،بنوقابل 4.0 کا آغاز ہو گیا ہے ،اس پروجیکٹ کے تحت ہزاروں طلبہ و طالبات مفت آئی ٹی کورسز کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اہل کراچی نے اپنی بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے نمائندے منتخب کئے جو امانت اور دیانت کے حوالے سے اپنا ایک مقام رکھتے ہیں، امانت، دیانت اور خدمت جماعت اسلامی کا اثاثہ ہے، پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن نے مل کر جماعت اسلامی کے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا اور زبردستی میئر مسلط کردیا۔
سید وجیہ حسن نے کہا کہ ملک کو آزاد ہوئے 77برس ہو گئے ہیں لیکن ہم آج بھی حقیقی آزادی سے ہمکنار نہیں ہو سکے ہیں ۔ حکمرانوں نے ملک اور قوم کو مسائل اور مشکلات کی دلدل میں دھکیل دیا ہے اور آج بھی ملک پر فارم47والے مسلط ہیں ، ہمیں اس حکمرانوں ٹولے سے نجات حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ سید محمد مظفر نے کہا کہ ہم نے ٹائون کے عوام کو یوم ِ آزادی کے موقع پر 2پارکوں کا تحفہ دیا ، آنے والے دنوں میں ناظم آباد کے عوام کو مزید پارکوں کا تحفہ دیں ۔ ہم محدود وسائل اور نامساعد حالات کے باوجود عوامی مسائل حل کرنے کی جدو جہد کر رہے ہیں ۔