راولپنڈی (صباح نیوز)سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید کی گرفتاری کے بعد3ریٹائرڈ فوجی افسران کو تحویل میں لے لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تینوں افسران کو جنرل (ر) فیض حمید کے کورٹ مارشل کے سلسلے میں تحویل میں لیاگیا، تینوں ریٹائرڈ آفیسرز ملٹری ڈسپلن کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 3ریٹائرڈ افسران کو فوجی نظم وضبط کی خلاف ورزی کے سلسلے میں تحویل میں لیا گیا، یہ افسر مخصوص سیاسی مفادات کی ایما پر ملی بھگت سے عدم استحکام کو ہوا دے رہے تھے، اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تینوں افسروں کو کورٹ مارشل کی کارروائی کے سلسلے میں تحویل میں لیا گیا جبکہ ان ریٹائرڈ افسروں اور ان کے ساتھیوں سے بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔
واضح رہے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے خلاف فوجی نظم وضبط کی خلاف ورزی پر فیلڈ کورٹ مارشل کی کارروائی جاری ہے۔