کراچی (صباح نیوز)یوم آزادی پاکستان کے موقع پر الخدمت کا کراچی کے نوجوانوں کے لیے تحفہ “بنوقابل 4.0” لانچ کردیا گیا۔ بنوقابل جدید آئی ٹی پروگرام ہے جو نوجوانوں کو مختلف شعبوںمیں مہارتیں سکھانے اور ان کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مصروف ہے۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کومعاشی طور پر مستحکم بنانے اورانہیں ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا مواقع فراہم کرنا ہے۔ بدھ کو مرکزی آفس میں منعقدہ تقریب میں طالبہ نے پہلی رجسٹریشن کروا کر بنو قابل 4.0 میں رجسٹریشن کا آغاز کیا ۔
اس موقع پر مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر ،چیف ایگز یکٹوالخدمت کراچی نوید علی بیگ ،ایگزیکٹو ڈائر یکٹر راشد قریشی ،ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کاملانی،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین ،ڈائریکٹر واش پروگرام گوہرالسلام ودیگر ذمہ داران موجود تھے ۔ اس موقع پر امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا کہ یہ بات باعث مسرت ہے کہ 14اگست پر جب قوم آزادی کی خوشیاں منائی جا رہی ہے،اس موقع پر ہم کراچی کے نوجوانوں کیلئے بنو قابل 4.0 کا اعلان کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بنو قابل پروگرام الخدمت کی شناخت بن چکا ہے ۔بنو قابل کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے ۔امید ہے کراچی کے لاکھوں طلبہ وطالبات خود کو اس پروگرام میں رجسٹرڈ کروائیں گے اور اس پروگرام سے استفادہ کریں گے ۔منعم ظفر نے کہا کہ بنو قابل میں 35سے 40کورسز رکھے گئے ہیں ۔بنو قابل گزشتہ دو سال سے کامیابی سے جاری ہے ۔پہلے تین ایڈیشنز کے بعد اب4.0 شروع کیا جا رہا ہے ۔میں طلبہ سے کہتا ہوں کہ وہ خودکو بنو قابل میں رجسٹرڈ کروائیں اور کورسزسیکھ کر اپنے والدین کی کفالت کے ساتھ ساتھ کثیر زرمبادلہ کما ئیں ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان کورسز سیکھ کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے ،
چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت کو فری آئی ٹی کورسز کے پہلے تین ایڈیشنز میں شاندار کامیابی ملی ۔امید ہے کہ4.0 بھی کامیابی سے ہمکنار ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ کیمپس کی تعداد 30سے زائد اور کورسز کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے ۔امید ہے کراچی کے طلبہ بڑی تعداد میں اس میں رجسٹریشن کروائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بنو قابل پروگرام حافظ نعیم الرحمن کا وژن تھا اور ان کی ہدایت تھی کہ کسی طالب علم سے کورس کی کوئی فیس نہ لی جائے ،ہم یہ کورسز بالکل فری کروارہے ہیں اور آئندہ بھی فری کروائیں گے ۔انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ الخدمت کے اس پروجیکٹ میں الخدمت کے تعاون کریں ۔ ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کاملانی نے کہا کہ بنو قابل پروگرام کو نوجوانوں میں بھرپور پذیرائی ملی ہے اور ہزاروں نوجوان کورسز مکمل کر کے باعزت روزگار کمانے میں مصرو ف ہیں،انہوں نے کہا کہ نوجوان بنوقابل میں رجسٹریشن کروانے کا موقع ضائع نہ کریں ۔