اداروں کے درمیان ٹکراؤ ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہیں۔ محمدحسین محنتی

کراچی(صباح نیوز)  جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمدحسین محنتی نے کہا ہے کہ اداروں کے درمیان ٹکراء ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہے ہرایک کو اپنے مینڈیٹ و دائرہ کارکے مطابق ملک وقوم کی خدمت کرنی چاہیے۔اسٹیبلشمنٹ کی سیاست میں مداخلت اور انتخابات پر ڈاکہ ڈال کر جعلی قیادت مسلط کرنے کی وجہ سے آج وطن عزیز مہنگائی،دہشتگردی اورآئی پی پیزکے گورکھ دھندے سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہے۔ آئین کو بار بار توڑنے اور جمہوریت کو پامال کرنے والوں کو آئین و جمہوریت کی باتیں اچھی نہیں لگتیں۔

پاکستان اللہ کا انعام ہے اس کی تعمیر و ترقی اور نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہر شہری کی اولین ذمے داری ہے۔اس لیے اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔ آزادی کی قدر فلسطین وکشمیر کے مظلوم عوام سے پوچھیں۔آج بھی ہمارے لیے نجات فلاح وترقی کا راستہ اسلام اورقرآن وسنت کا راستہ ہے۔14اگست کو 77وان یوم جشن آزادی اور26اگست کو جماعت اسلامی کا یوم تاسیس بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے مختلف مہمات سمیت فیصلوں پرعمل درآمد کا جائزہ پیش کیا۔