کراچی (صباح نیوز)الخدمت کے مرکزی دفتر میں پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے سلسلے میں الخدمت کے مرکزی دفتر میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ،جس میں کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نو ید علی بیگ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے پرچم کشائی کی اور آزادی کا کیک کاٹا ،الخدمت کی جاری شجرکاری مہم کی مناسبت سے آفس میں پودے بھی لگائے ،بعدازاں ملک کی ترقی ،امن ،خوشحالی کے لیے دعا کروائی ۔اس موقع پر تقریب میں ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کملانی ،ڈائریکٹر الخدمت والنٹیئر مینجمنٹ یوسف محی الدین ،الخدمت کے مختلف شعبہ جات کے منیجرز ودیگر ذمہ داران اور کارکنان موجود تھے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نو ید علی بیگ نے کہا کہ مملکت خدا داد پاکستان کو قائم ہوئے 77سال ہو گئے ہیں ۔یہ وقت ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم اپنا جائزہ لیں کہ ہم نے اس عرصے میں کیا کھویا کیا پایا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان لاالہ اللہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا تھا اوربتا یا گیا تھا کہ پاکستان حقیقی اسلامی فلاحی مملکت ہو گا۔آج ہمیں غور کرنا ہو گا کہ ہم میں کہاں کمی رہ گئی ہے تاکہ اس کمی کو دور کر کیاس ملک کو آگے بڑھایا جا سکے۔نوید علی بیگ نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے ۔الخدمت ملک بھر میں لوگوں کی خدمت کرکے اپنے حصے کا کردار ادا کرنے میں مصروف ہے۔ انہیں پانی ،صحت اورتعلیم سمیت مختلف شعبوں کے ذریعے خوشحالی سے ہمکنار کرنے کی جستجو کررہی ہے ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں ہرکسی کو اپنے حصہ کردار ادا کرنا ہوگا ۔