کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے77واں یوم جشن آزادی کراچی تاکشمور سندھ بھر میں بھرپور جوش وجزبہ کے ساتھ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14اگست ہماری تاریخ کا بڑاہم اوریادگاردن ہے۔چودہ اگست کے دن جماعت اسلامی کے تحت ریلیاں مذکرے، سمینار اورپرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی جائیں گی مقررین تحریک پاکستان اورموجودہ صورتحال پرروشنی ڈالیں گے تاکہ نسل نو کو پتاچلے کہ پاکستان کن قربانیوں اورجدوجہد کے بعد حاصل کیا گیا تھا۔قیام پاکستان کے بعد مسلط مفادپرست قیادت کی غلامانہ پالیسیوں کے نتیجے میں آج وطن عزیز مہنگائی بدامنی اوردہشتگردی سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہے اس سے زیادہ افسوس ناک صورتحال کیا ہوسکتی ہے کہ ایٹمی طاقت کے حامل ملک کا بچہ بچہ مقروض، عوام زندگی کی بنیادی ضرورت صاف پانی بجلی اورگیس سے محروم ہیں۔ اسلامی نظام اوراہل ودیانتدار قیادت ہی ملک وقوم کو بحرانوں سے نجات دلا سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میںضلعی امراء کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا جس میں صوبہ بھرکے ضلعی ذمے داران شریک تھے،اجلاس میں سہ ماہی کارکردگی رپورٹ سمیت دیگردعوتی وتنظیمی امورپرغورکیا گیا۔ صوبائی امیر کا مزیدکہنا تھاکہ جماعت اسلامی اللہ اوراس کے رسول ۖ کے مشن کو لیکرچلنے والی جماعت ہے،دھرنے سے لیکر پبلک ایڈ اورہماری ساری جدوجہد کا مقصد اقامت دین یعنی اللہ کی دھرتی پر اللہ کا نظام اوررضائے الٰہی وفلاح اخروی ہے۔