منعم ظفر خان نے گلبرگ کراچی میں پہلے اربن فارسٹ کا افتتاح کردیا

کراچی(صباح نیوز)  امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلبرگ کے زیر اہتمام کراچی میں سہراب گوٹھ تا شفیق موڑپہلے اربن فارسٹ ”Roadside Jungle” کا امیرجماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ ،ٹاؤن چیئرمین گلبرگ وسطی نصرت اللہ کے ہمراہ پودا لگا کر افتتاح کیا ۔اس موقع پر منعم ظفر خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلا تفریق رنگ و نسل پورے شہر میں 5لاکھ درخت لگائیں گے ،جماعت اسلامی اپنے 9ٹاؤنز کے علاوہ باقی ٹاؤنز میں بھی شجر کاری مہم چلائے گی ،شہر میں اس وقت پانی وبجلی کا بحران ہے ، واٹر اینڈ سیوریج کے مسائل ہیں ، ایسے حالات میں قبضہ میئر کی ترجیحات نظر نہیں آتی ،ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ شہر کی گرین بیلٹس کوبہتر کیا جاتا ،ہم شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے اپنا حصہ ادا کررہے ہیں۔بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں فی شہری 7درخت ہونے چاہیئے لیکن بد قسمتی سے اس وقت فی شہری 0.38درخت موجود ہیں جس کے باعث ماحولیات کانظام خراب سے خراب تر ہوتا جارہا ہے۔

ماحولیاتی نظام بہتر کرنے کے لیے شہریوں کو درخت کی اہمیت اور آگاہی پید ا کرنے کی ضرورت ہے ۔تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ ، ٹاؤن چیئرمین گلبرگ وسطی نصرت اللہ نے بھی خطاب کیا۔اس موقع جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، کراچی پریس کلب کے سکریٹری شعیب احمد و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ گلبرگ ٹاؤن کے چیئرمین سمیت تمام افراد مبارکباد کے مستحق ہے کہ جنہوں نے ایک الگ اور منفرد انداز سے کراچی کو گرین بنانے کی کوشش کی جسے بہت پسند کیا جارہا ہے ، کراچی میں موسمی تبدیلی کے باعث گرمی میں شدید اضافہ ہورہا ہے ، امسال بھی سینکڑوں شہری گرمی کے باعث قیمتی انسانی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔ ایسے میں ہمیں اس بات کا عزم کرنا ہے کہ ہم ہی ہیں جو تبدیلی لاسکتے ہیں ، ہم نے ماضی کے میئر کی طرح اختیارات کا رونا نہیں رونا بلکہ ٹاؤن کو صاف رکھنا ہے اور گرین بنانا ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ہمارے پاس 9ٹاؤنز اور 87یوسیز ہیں ،

امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہاتھا کہ ہم اختیارا ت کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ اختیارات سے بڑھ کرکام کریں گے ۔ہم نے گزشتہ 8ماہ میں مختلف مقاما ت پر30ہزار بلب لگائے ،83پارکس بنائے ،جگہ جگہ کچرے کے ڈھیرسے شہری پریشان تھے ،جماعت اسلامی اپنے 9ٹاؤنز میں کچرا کنڈیوں کو کم کردیا گیا ۔فاروق نعمت اللہ نے کہاکہ ہم نے ضلع گلبرگ وسطی میں شجر کاری مہم کا آغاز کردیا ہے اور سڑکوں کے درمیان پودے اور درخت لگائے جائیں گے ،ہم کراچی شہر میں شدید گرمی کے موسم کا مقابلہ کرنے کے لیے شجر کاری مہم شروع کررہے ہیں اور اس کے لیے شہر کے نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔نصرت اللہ نے کہاکہ گلبرگ ٹاؤن اپنی سرگرمیوں کی وجہ سے 25ٹاؤنز میں سے ماڈرن ٹاؤن کہلاتا ہے ، ہم نے اول روز سے کوشش کی کہ مقامی افراد کو ذہنی و جسمانی صحت کی سہولیات فراہم کی جائے ،ہم نے دوہفتے قبل 50ہزار پودے لگانے کا عزم کیا تھا ۔جس کے لیے سلوگن رکھا کہ کراچی کے لیے درخت لگائیں ۔حالیہ ریسرچ کے مطابق بتایا گیا ہے کہ آئندہ چند سالوں میں کراچی میں رہنا مشکل ہوجائے گا،اسی لیے ہم نے اس بات کا عزم کیا ہے کہ کراچی کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے شجر کاری مہم چلائی جائے اور پودے لگائے جائیں ۔#