کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی نے صوبہ میں بدامنی وڈاکو راج کیخلاف کشمور میں حافظ نعیم الرحمن کی زیرقیادت احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ، حکومت صوبے میں ڈاکو راج کے خاتمے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔کچے اور پکے کے ڈاکووں نے ملکر سندھ کے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے، کچے میں رٹائرڈ فوجیوں کو پولیس میں بھرتی کرنے کا حکومتی فیصلہ ناکامی کا اعتراف ہے۔ ، حکومت قیام امن، ڈاکو راج سمیت سندھ میں جرائم کے خاتمے کیلئے بھرپور نتیجہ خیز آپریشن کرے تاکہ سندھ کے عوام کو ئی سکھ کا سانس لے سکیں۔ امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے قباء آڈیٹوریم میں صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قیام پاکستان کے بنیادی مقاصد میں قرآن وسنت کا نفاذ تھا مگر انگریزکے شاگرد حکمرانوں نے اپنے مفادات اورغیروں کے ایجنڈا کو آگے بڑھایا جس کی وجہ سے آج وطن عزیز مہنگائی ،بدامنی سمیت بے شمار مسائل سے دوچار ہے۔ ملک کی معاشی وسیاسی صورتحال میں عدم استحکام سے لیکر قوم پر جعلی قیادت مسلط کرنے تک اسٹیبلشمنٹ کا بڑا کردار ہے جسے تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت ختم ہونی چاہئے۔
انہوں مزید کہا کہ صوبے میں ساڑھے چھ ہزار گھوسٹ اساتذہ مفت کی تنخواہیں لے رہے ہیں جن میں سے کچھ بیرون ممالک مقیم ہیں جبکہ آج جدید دور میں بھی ہزاروں اسکول مویشیوں کے باڑوں، گداموں اور وڈیروں کی اوطاقوں میں تبدیل ہوچکے ہیں جس سے سندھ حکومت کی تعلیم دشمن پالیسی صاف ظاہر ہوتی ہے۔ پیپلزپارٹی کی سولہ سالہ اقتدار میں سندھ صوبہ حقیقی معنوں میں پتھر کے دور کا منظر پیش کررہا ہے جہاں بچوں کیلئے تعلیم،صحت،صاف پانی،روزگار اور امن امان جیسی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں ،شہروں میں اسٹریٹ کرائم اوراندرون سندھ ڈاکو راج کی وجہ سے عام آدمی کا جینا مشکل ہوگیا ہے ۔قبل ازیں آئندہ 02سال کیلئے منتخب ارکان شوریٰ نے حلف اٹھایا جس میں ڈاکٹرز، انجنیئرز،وکیل،علماء کرام، تاجر اور سابق وموجودہ ارکان اسمبلی ، ٹائون ناظمین شامل تھے، اجلاس میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصرشریف کے بھائی دیگر مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور سابق ڈائریکٹر اسلامی نظامت تعلیم مصباح الہدیٰ صدیقی سمیت دیگر بیماروں کی جلدصحتیابی کیلئے دعا کی گئی۔