کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے وحشی صہیونی فوج کی جانب سے غزہ کے علاقے دیرالبلاج کے ایک اسکول پر فضائی حملے میں 120سے زائد افراد کے شہید ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل عالمی انسانی حقوق اور جنگی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر گامزن ہے، گذشتہ دس مہینوں سے غزہ پر جاری جارحیت اور خوفناک جنگ میں چالیس ہزار سے زائد مسلمان شہید جن میں سولہ ہزار بچے اور چودہ ہزار خواتین بھی شامل ہیں ،مسلم ممالک کے بے حس اور بزدل حکمرانوں کی خاموش تماشائی کردار افسوس ناک رویے کی وجہ سے اسرائیل کو مسلمانوں کی نسل کشی جاری رکھنے کیلئے حوصلہ ملا ہے۔
صوبائی جنرل سیکریٹری نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے مذکورہ اسکول میں حماس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرہونے کا دعوی سراسر جھوٹ کا پلندہ ہے، ایک دن قبل بھی اسکول پر بمباری کے نتیجے میں 18افراد زندہ جل گئے تھے ۔قبل ازیں صہیونی فوج اقوام متحدہ کے زیرنگرانی مہاجرین کے کیمپوں، ہسپتالوں اور سیف ڈکلیئر کئے گئے علاقوں پر بھی بمباری کرتی رہے ہے جس میں ہزاروں معصوم اور بے گناہ شہری شہید کردیئے گئے۔ شاہین، غوری،ابدالی میزائلوں اور ایٹمی طاقت کی حامل مملکت خداداد کے حکمران قومی اسمبلی میں اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر منظور کی گئی قرارداد میں سے اسرائیل کا نام تک نکال دیتے ہیں جس سے ان کی بزدلی اور امریکی سامراج کی غلامی جبکہ مظلوم فلسطینی قوم سے ہمدردی کا ڈھونگ کھل کر عیاں ہوچکا،قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم فلسطینی عوام کی نجات کیلئے جہاد کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں، مغربی اقوام جانوروں کے حقوق کی بات کرتے لیکن مظلوم فلسطینی عوام پر بمباری کیلئے اسرائیلی فوج کو جدید اسلحہ اور گولابارود بھی دے رہے ہیں جس سے ان کی منافقت اور مسلم دشمنی کھل کر سامنے آگئی ہے۔