اسلام اور نظریہ پاکستان ہی ترقی وسلامتی کا ضامن ہے۔ محمد حسین محنتی

کراچی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ اسلام اور نظریہ پاکستان ہی ملکی ترقی وسلامتی کا ضامن ہے، جماعت اسلامی ملک میں قرآن وسنت کے نفاذ کیلئے جدوجہد کررہی ہے، دین سے دوری اور اللہ اور اس کے رسول سے بغاوت پر مبنی فیصلوں، حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے آج وطن عزیز غربت،افلاس، مہنگائی،بدامنی اور دہشتگردی کا شکار ہے، نجات کا واحد حل اسلامی نظام کا قیام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباآڈیٹوریم میں شعبہ فہم دین کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نائب امیر حافظ نصراللہ عزیزچنا اور صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا آفتاب ملک نے بھی خطاب کیا۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان جس مقصد و نظر ئیے کے تحت حاصل کیا گیا تھا وہ مقصد اب تک حاصل نہ ہوسکا ہے۔ وہ مقصد و نظریہ جو خیر ہی خیر ہے، جس میں امن و سلامتی ہے، جس میں ترقی و کامرانی ہے، اسے ہم آج تک عمل میں نہ لا سکے۔ وہ مقصد اور نظریہ دین اسلام ہے۔ اسلام کے نفاذ کے لئے ایک بھرپور تحریک اسی انداز سے شروع کرنے کی ضرورت ہے جس طرح اس ملک کو بناتے وقت شروع کی گئی تھی۔ تب ہی اس ملک میں اسلامی نظام حکومت قائم ہوسکے گا۔ یہ ملک اسلام کے لئے بنا ہے اور اسلام ہی اس ملک کی بقا کا ضامن ہے۔ مسلمانوں نے اس ملک کو بنانے کی خاطر بہت بڑی قربانی دی ہے،

لاکھوں مسلمان شہید ہوئے، لاکھوں عورتوں کی عصمت پامال ہوئی، لاکھوں مسلمان بچے بوڑھے معذور ہوئے، اربوں ڈالروں کی املاک تباہ ہوئیں، مصیبتوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تب جا کر یہ ملک بنا۔ یہ تمام قربانیاں ایک سیکولر ملک بنانے کیلئے ہرگز نہیںدی گئیں۔چند ضمیر فروش لوگوں کا اقتدار، حکومت و ریاست پر قابض ہونے کی وجہ آج قوم کا بچہ بچہ آئی ایم ایف کا مقروض اورکہ حالات اس قدر گھمبیر ہوچکے ہیں کہ لوگ دوقت کی روٹی کیلئے پریشان، نیکی کمزور اور بدی کی طاقتیں مزید طاقتور ہورہیں ہیں اسلئے اب قوم کو ظالم قوتوں سے نجات اور اپنے حقوق کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے ظلم و بدی کے خلاف نیکی کے فروغ اور حق کے غلبے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔