کراچی (صباح نیوز) مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہوہ وقت دور نہیں جب دنیا میں حقیقی تبدیلی آئے گی اور قرآن کا نظام نافذ ہو گا۔ نارتھ ناظم کراچی میں اکبر علی مرحوم کے خاندان کے 33افراد جن میں لڑکیاں بھی شامل ہیں کے حفظ قرآن مکمل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ ایک تازہ ہوا کا جھونکا ہے جو مستقبل کی نقشہ گری ہے، ایک طرف ایک ہی خاندان کے 33افراد کا قرآن پاک حفظ کرنا اور دوسری جانب پوری امت مسلمہ میں قرآن کریم کے نظام کے نفاذ کی جدوجہد کی جا رہی ہے، فلسطین سے استقامت اور جرات کی خبریں آتی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب دنیا میں حقیقی تبدیلی آئے گی اور قرآن کا نظام نافذ ہو گا۔ دنیا میں اسلام کے حوالے سے خوشگوار ہوائیں چل رہی ہیں۔ نوجوان قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو رہے ہیں اور اس کے نفاذ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اسلام کا نظام ہی خواتین کی عزت و حرمت کی حفاظت اور امن و خوشحالی کا ضامن ہے۔جاری کردہشعبہ نشرواشاعت جماعت اسلامی پاکستان