کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ76 سال سے ملک پرمسلط سول وملٹری حکمرانوں نے ملکی ترقی، قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کی بجائے ملک وقوم کو مہنگائی، دہشتگردی،سودی نظام ، آئی ایم ایف کی غلامی اورقرضوں کی معیشت سمیت بیشمار مسائل کے دلدل میں دھکیلا ہے۔قومی دولت کی لوٹ مارکرکے خود توبیروں ملک سرمایہ کاری اورجائدادوں کے مالک بن گئے مگر پٹرول تیل کوئلہ اورزراعت کی دولت سے مالامال ملک کے عوام آج بھی دووقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں۔انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (IPPs) ایک اڑدھا بن چکا ہے اور لوگ سڑکوں پر ہیں۔بجلی 15روپے سے بڑھاکر 70روپے فی یونٹ کردی گئی ہے جس کی وجہ صنعت ومعیشت زبوں حالی کاشکار جبکہ بجلی کے بل عوام کے لیے موت کے پروانے ثابت ہورہے ہیں ۔آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدے اورمہنگے پاورپلانٹ ختم کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں ایک آئی پی پی کا 2016ء میں 3 روپے والا یونٹ آج 285 روپے اوربجلی کمپنیوں کے ملازمین کو سالانہ 15 ارب کی مفت بجلی دی جانے کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا کہ حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں جماعت اسلامی کا دھرنا بروقت اورعوام کے دلوں کی آواز ہے۔حکومت مذاکرات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے کیونکہ یہ صرف ہمارا نہیں بلکہ ملک کے پچیس کروڑ عوام کا مسئلہ ومطالبہ ہے۔صوبائی دفتر میں ملاقات کرنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا مزیدکہنا تھاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کی بات کی ہے 26جولائی سے حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں جدوجہد کا آغازکیا اورآج اس دھرنے کو 15واں روز ہے۔حکومت کو بجلی گیس پیٹرول کے نرخ کم اورتنخواہ دار طبقہ پربوجھ کم کرنے پرمجبور کریں گے۔دریں اثناء دینی مدارس کی تنظیم جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کے منتظم صوبہ حافظ حزیفہ احمد کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔اس موقع پرجماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ اورامین صوبہ مولانااصغرعلی سمیجو بھی ساتھ موجود تھے۔
Load/Hide Comments