جماعت اسلامی کا شاہراہ فیصل بلاک کرنے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے گھراؤ کا عندیہ

کراچی(صباح نیوز)  امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گورنر ہائوس پر جاری دھرنے کے پانچویں دن علماء کنونشن اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ جماعت اسلامی کے عوامی مطالبات پورے نہ کیے گئے تو امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت کے مطابق احتجاج کے دائرے کو مزید وسعت دیتے ہوئے کراچی میں شاہراہ فیصل بند کرنے اور وزیر اعلیٰ ہائوس کے گھیرائو و دھرنے کا آپشن بھی استعمال کریں گے ۔تصادم نہیں چاہتے، ہم پر امن سیاسی جدو جہد اور مزاحمت پر یقین رکھتے ہیں ، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور مطالبات منظور کریں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ بجلی بلوں میں ناجائز ٹیکسز ،ظالمانہ سلیب سسٹم، آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدے ختم کیے جائیں،آئی ایم ایف کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور تاجروں پر لگائے گئے ٹیکس ختم کیے جائیں،بچوں کے دودھ اور اسٹیشنری پر سے ٹیکس ختم کیا جائے ،جاگیردار وں اور طبقہ اشرافیاں پر ٹیکس لگایا جائے ، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ ،کراچی میں لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے اور عوام کو سستی بجلی دی جائے،کراچی کو اس کا پورا پانی دیا جائے اور کے فور منصوبہ مکمل کیا جائے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ قوم کو ظلم سے نجات دی جائے ،سرکاری گاڑیاںصرف 1300سی سی زیادہ نہ دی جائیں، حکمرانوں ،بیوروکریٹس ،سول فوج افسران سے سرکاری مراعات واپس لی جائیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ آج پاکستان کا بچہ بچہ آئی پی پیز کے ظلم کے بارے میں جان چکا ہے ۔ ایسی آئی پی پیز جنہوں نے صرف 84یونٹ بنائے انہیں کروڑوں روپے ادا کیے ۔ 50فیصد ایسی آئی پی پیز ہیں جو صرف 10فیصد بجلی بناتی ہیں اور انہیں 100فیصد ادائیگی کی جاتی ہے۔ 1994میں سب سے پہلے پیپلزپارٹی پھر مسلم لیگ ق ،مسلم لیگ ن نے آئی پی پیز کے ساتھ ظالمانہ معاہدے کیے ہیں۔ 80فیصد آئی پی پیز پاکستان میں موجودحکمرانوں کی ہے جو سالانہ اربوں روپے ناجائز وصول کررہے ہیں۔جماعت اسلامی کی حق دو عوام تحریک آگے بڑھ رہی ہے ۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل اور حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کی ہے ۔ راولپنڈی میں جماعت اسلامی کے دھرنے کا تیرہواں دن ہے ،مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔منعم ظفر نے علمائے کرام و دینی مدارس کے طلبہ کی بڑی تعداد میں دھرنے میں شرکت کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اورمطالبہ کیا کہ دینی مدارس و مساجد کو بجلی کے بلوں میں خصوصی ریلیف دیاجائے۔ کراچی گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا راولپنڈی میں جاری دھرنے کا تسلسل ہے۔ جماعت اسلامی کے تحت شہر میں لوڈشیڈنگ،مہنگی بجلی  آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں اور بجٹ میں تنخواہ دار طبقے وتاجروں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف کراچی میں گورنر ہاؤس پر دھرنا پانچویں دن بھی جاری رہا، دھرنے کے پانچویں روزجمعیت اتحاد العلماء کراچی کے تحت علماء کنونشن کا انعقاد کیا گیا ۔کنونشن میں جامعہ حنیفیہ ملیر سعود آباد ،جامعہ دارالسلام گذری،جامعہ نعمان بن ثابت،جامعہ تفہیم المدارس سمیت دیگر جامعات کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔طلبہ نے مہنگی بجلی ،حکومت کی ناقص پالیسی و نااہلی کے خلاف پرزبردست اور پر جوش نعرے لگائے ۔کنونشن سے  سکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی،جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید، صدر جمعیت اتحاد العلماء کراچی مفتی علی زمان کاشمیری، نائب صدر مفتی ضیاء الرحمن فاروقی ،نائب قیم صوبہ سندھ ونائب صدر جمعیت اتحاد العلماء کراچی مولانا آفتاب،

مہتمم جامعہ حینفیہ ملیر سعود آبادمولانا یامین منصوری، مہتمم جامعہ نعمان بن ثابت مولانا حبیب احمد حنفی، مفتی عثمان اعوان،مفتی معراج احمد صدیقی ،مولانا ظہیر عباس یوسی چیئرمین قاری منصور ودیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔مولانا عبد الوحید نے کہاکہ  دینی مدارس کے طلبہ بھی آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں ، مہنگی بجلی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ راولپنڈی میں حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت دھرنا جاری ہے ۔ علمائے کرام بھی جماعت اسلامی کے تمام مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔ عام عوام کی طرح علمائے کرام اور دینی مدارس و مساجد بھی پریشان ہیں۔ مساجد و مدارس کے لاکھوں روپے بل بھیجے جارہے ہیں۔ بجلی کے بموں کی وجہ سے مساجد و مدارس میں تالے لگادیے گئے ہیں۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دینی مدارس و مساجد کو ریلیف دیا جائے ۔ دینی مدارس و مساجد کو نصف قیمت میں بجلی کے بلز بھیجے جائیںاور ٹیکس فری کیا جائے۔ ہم آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں ،مہنگی بجلی کے خلاف گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں ،دینی مدارس کے طلبہ و علمائے کرام جماعت اسلامی کے شانہ بشانہ ہوں گے۔مفتی علی زمان کاشمیری نے کہاکہ گزشتہ 77سال سے جاگیردار اور وڈیرے مسلط ہیں۔ جاگیردار وں اور وڈیروں کو غریب و متوسط طبقے کا خیال ہی نہیں ہے ۔ شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں ہے ،مہنگائی سے تنگ آکر شہری خود کشی کرنے پر مجبور ہیں ۔ظالم حکمرانوں نے عوام پر ظالمانہ ٹیکسز لگائے ہیں اور خود عیاشیاں کررہے ہیں۔ حکمران بیرونی ملک سے لے کر ذاتی بینک بیلنس اور جائیدادیں بناتے ہیں اور عوام پر قرضے کا بوجھ ڈالتے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ ظالم حکمرانوں کا مقابلہ کیا جائے اور ان کا گھیراؤ کیا جائے ۔حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت راولپنڈی میں مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔مولانا یامین منصوری نے کہاکہ حافظ نعیم الرحمن کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے ملک میں آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں کے خلاف ملک گیر تحریک چلائی ،عوام آئی پی پیز کے بارے میں جانتے ہی نہیں تھے ، حکمرانوںنے آئی پی پیز کے ساتھ ایسے ظالمانہ معاہدے کیے ہیں جس کی مثال نہیں ملتی ، ہم جماعت اسلامی کے تمام مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔مولانا آفتاب احمد نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن نے صحیح معنوں میں عوام کی نمائندگی کی ہے اور قوم کو بیدار کیا ہے ، آئی پی پیز نامی خونخوار درندے نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے ، مساجد و مدارس میں بھی لاکھوں روپے کے ناجائز بل بھیجے جارہے ہیں۔#