کراچی(صباح نیوز) الخدمت کراچی نے اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے اشترک سے میگا پلانٹیشن ڈرائیو کا آغاز کردیا ہے ،مہم کے آغاز پر الخدمت رضاکاروںاور طلبہ نے کئی ہزار پودے لگا ئے ۔جامعہ کراچی میں میگا پلانٹیشن مہم کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی،چیئر مین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد، ڈائریکٹر والنٹیئر مینجمنٹ یوسف محی الدین ،ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حافظ آبش صدیقی سمیت فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعدادموجود تھی ۔ ڈاکٹر خالد عراقی اور راشد قریشی نے پودا لگا کر میگا پلانٹیشن ڈرائیو کا افتتاح کیا ۔
اس موقع پر الخدمت اورطلبہ نے بھی پودے لگائے ۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں وائس چانسلر جامعہ کراچی نے کہا کہ الخدمت کی میگا پلانٹیشن ڈرائیو قابل ستائش ہے ۔انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ٹمپریچراورماحولیاتی آلودگی کو کم کیا جا سکتا ہے ۔یہ خوشی کی بات ہے کہ یہاں اتنے سارے طلبہ موجود ہیں اور اس مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ ماحولیات کے تحفظ کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں ۔
ڈائریکٹر والنٹیئرمینجمنٹ یوسف محی الدین نے کہا کہ الخدمت نے میگا پلانٹیشن مہم شروع کردی ہے ،اس مہم کے تحت ہم شہر بھر میں آئندہ جون تک ایک لاکھ پودے لگائیںگے ۔نہایت ضروری ہے کے ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔یہ ہماری نسلوں اور ہمارے ملک کی خوشحالی کیلئے انتہائی اہم ہے ۔الخدمت کے والنٹیئر اس مہم میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں ۔