کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کے دھرنے کا ایجنڈا قومی وعوامی ہے ، یہ ہمارا ذاتی نہیں بلکہ پچیس کروڑ عوام کا مطالبہ ہے کہ بجلی سستی، ظالمانہ ٹیکسزوسلیب سسٹم ختم کرکے عوام کو عزت کے ساتھ جینے کا حق دو ،یہ دھرنا اب صرف جماعت اسلامی نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام کی امید وآوازبن چکا ہے جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا جماعت اسلامی پر امن مزاحمتی تحریک پر یقین رکھتی جس سے ہم کبھی بھی پیچھے نہیںھٹیں گے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے مقامی صحافی ذیشان احمد صدیقی اوردانش ترین کی جانب سے گلستان جوہرمیں منعقدہ دعوت حلیم میں شرکت کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔صوبائی نائب امیرحافظ نصراللہ چنا،ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد افضال اورسیکریٹری اطلاعات مجاہدچنا بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔صوبائی امیرنے مزیدکہاکہ حکمرانوں کی غلامانہ وظالمانہ پالیسیوں کے نتیجہ صنعت ومعیشت کاپھیہ جام،مہنگائی کا طوفان ہے سندھ میں ڈاکوراج ہے مہنگی بجلی بدامنی اورظالمانہ ٹیکسزوسلیب سسٹم نے تنخواہ دارطبقہ سمیت عام آدمی کا جینا حرام کردیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں جماعت اسلامی کے رہنما نے کہاکہ ملک کی معاشی صورتحال سے ہرمحب وطن شہری پریشان ہے ڈاکٹر انجنیئرز سمیت نوجوان طبقہ ملک چھوڑ رہا ہے خاص طور پربجلی کی صورتحال جس میں 15روپے سے بڑھاکر 70روپے تک فی یونٹ کردیا گیا جماعت اسلامی عوام کی آوازبن کر اسلام آباد،کراچی سمیت ملک بھرمیں دھرنے دے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاروبار تجارت کو فروخ ،تاجروںکے مسائل کو حل کیاجائے بجلی کے کمرشل ریٹ بڑھنے اسٹریٹ کرائم وڈاکوراج کی وجہ سے کاروبار کرنامشکل ہوگیا ہے۔اس حوالے سے حکومت سنجیدہ اقدامات کرے بنگلہ دیش کی صورتحال سے سبق سیکھنا چاہییے۔#