آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا نیا شیڈول جاری ،پہلا ٹیسٹ میچ کب کھیلاجائے گا؟جانئے


لاہور(صباح نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا نیا شیڈول جاری کردیا۔ لاہور میں ہونے والے ون ڈے اور ٹی 20 میچز راولپنڈی منتقل کردیئے گئے۔

آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لئے پی سی بی کی جانب سے ٹوئٹرپر جاری کئے گئے نئے شیڈول کے مطابق 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا

۔پہلا ٹیسٹ میچ 4سے 8مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ12سے 16مارچ تک کراچی میں ہوگا جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21سے 25مارچ تک لاہورمیں کھیلا جائے گا۔پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان 3ون ڈے میچز اورایک ٹی 20میچ راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔پہلا ون ڈے 29مارچ ، دوسرا 31 مارچ اورتیسرا 2 اپریل کوکھیلا جائے گا۔

مہمان ٹیم5اپریل کوسیریز کا واحد ٹی 20میچ کھیل کروطن واپس روانہ ہوجائے گی۔میچز کے مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک مسائل کے باعث کی گئی۔