کراچی(صباح نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر،سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تباہی سرکار نے پٹرول کی قیمت میں مزید 8 روپے 3 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا، دو ہفتے پہلے پٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کیا گیا تھا، پٹرول کی نئی قیمت اب 145 روپے 82 پیسے ہوگئی ہے،تین سال میں تباہی سرکار نے تیل کی قیمت میں 53 روپے کا اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پیٹرول کی قیمتیں بڑھا کر کہتے ہیں عوام کو ریلیف دے رہے ہیں، وزیراعظم ریلیف دے نہیں، مانگ رہے تھے، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز مہنگی ہو گی، پہلے ہی مہنگائی کی شرح 14.31 فیصد ہو چکی ہے، حکومت عوام پر رحم کرے اور تیل کی قیمتیں واپس لے۔