پُرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا قانونی وآئینی حق، قافلوں کوروکنا، گھروں پر چھاپے بدترین آمریت،حقوق انسانی کی سراسر خلاف ورزی ہے،محمد حسین محنتی

کراچی( صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمدحسین محنتی نے نام نہاد جمہوریت کے دعویدار شہباز حکومت کی جانب سے پنجاب اور اسلام آباد کو نوگوایریا بنانے،جماعت اسلامی رہنمائوں وکارکنان کے گھروں پر چھاپوں، چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرنے،سڑکوں پر کنٹینرز سمیت دیگر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی طاقت سے لرزہ براندام فریب اور جھوٹ کی بنیاد پر قائم حکمرانوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں،جعلی مینڈیٹ اور اسٹیبلشمنٹ کی آشیرواد سے قوم پر مسلط حکمرانوں کو جان لینا چاہئے کہ عوام کی طاقت کو کنٹینرز سے نہیں روکا جا سکتا، ہم پرامن ہیں لیکن فاشسٹ حکومت نے ریاستی طاقت اور پولیس گردی کے ذریعے تشدد کا راستہ اختیار کرنے کی کوشش کی تو پھر تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں جماعت اسلامی کے دھرنا دینے سے روکنے کیلئے ملک بھر میں کریک ڈاون، کارکنوں کی گرفتاریوں اور قافلوں کو روکنے کے علاوہ رکاوٹیں کھڑی کر کے راستے بند کرنا کون سی جمہوریت ہے؟ حزب اختلاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو پرامن احتجاج کرنے کا قانون اور آئین میں حق ہے،بجلی کے بھاری بلوں، کمر توڑ مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا قوم کی آواز بن چکا،آئی پی پیز کے ذریعے کھربوں روپے لوٹنے والے حکمرانوں کی اولادیں اور خاندانوں کو عوام کا خون چوسنے کی مزید اجازت نہیں دیں گے۔اسلام آباد دھرنے کیلئے بھرپور جوش سے ملک بھر سے قافلے روانہ ہو چکے ہیں۔ تمام فسطائیت کے بعد بھی کارکنان کو کہتا ہوں کہ مینیج کریں اور دھرنے میں پہنچیں، ہم پرامن لوگ ہیں اور پرامن رہنا چاہتے ہیں، اس کی ذمے داری حکومت پر آتی ہے کہ وہ کیسے امن قائم رکھتے ہیں۔