دھرنے کے حوالے سے خواتین نے ہمارا موقف آگے بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کیا،حافظ نعیم الرحمان


کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہاہے کہ دھرنے کے حوالے سے خواتین کی جدوجہد نے ہمارا موقف آگے بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ارقم اسلامک سینٹر میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت سوشل میڈیا کے ذمہ داران او ر سوشل میڈیا ایکٹوٹس کی سہ ماہی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

امیر کراچی نے ضلعی شعبہ نشرو اشاعت کے حالیہ کردارکو بھرپور سراہتے ہوئے کہا کہ جو جدو جہد آپ نے کی اور اسے سوشل میڈیا کے ذریعے بڑے پیمانے پر پھیلایا ۔ اسکے ذریعے ہمارا موقف آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس طرح عام لوگوں کے دلوں پر دستک دی گئی ہے۔مسلسل کوششوں، دھرنوں اور احتجاج سے ہمیں عوام کی رائے ہموار کرنے اور انہی کو متوجہ کرنے میں مدد ملی اور بالآخر مطالبات تسلیم کرلئے گئے الحمدللہ عوامی حمایت کے حصول کے لیے ہم نے پبلک ایشوز پر کام شروع کیا جیسا کہ کے الیکٹرک،نادرا کا مسئلہ،واٹر بورڈ کے مسائل،دھرنے کے ہر گزرتے دن کے ساتھ بہت جوش وخروش نظر آیا اور اس حوالے سے ہر کارکن یکسو تھا کہ دھرنا مسلسل جاری رکھنا ممکن ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین بھرپور طریقے سے دھرنے اور مارچ میں شریک ہوئیں توصورتحال بہت زیادہ حوصلہ افزا ہوگئی،یہ کراچی کی تاریخ میں خواتین کا ایک بہت بڑا احتجاج بن کر ظاہر ہوا،ہمیں باطل کے منفی ہتھکنڈوں پر دل تنگ کرنے کی ضرورت نہیں ہے،جو کام سوشل میڈیا پر ہوسکتا ہے وہ فیلڈ میں نہیں ہوسکتا اور جو کام فیلڈ میں ہوسکتا ہے وہ سوشل میڈیا میں نہیں کیا جاسکتا ۔ آپ کو اس کے لیے متبادل راستے نکالنے پڑیں گے، یہ کام الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر ہوسکتا ہے۔ ہمارے لئے ہر طبقے کے افراد قابل قبول ہونے چاہئیں۔ ہر طرح کے لوگ ہمارے پاس آنے چاہئیں۔ ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ لوگوں کو ہم پر اعتماد ہو اور وہ ہمیں خیر خواہی کرنے والا جان کر ہماری طرف آئیں۔انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی اب بین الاقوامی سطح پر اثرات رکھتی ہے ۔ لیکن عوام الناس تک پہنچنے کی اشد ضرورت ہے ۔ یہ کام الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر ہوسکتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بہت ہمت ملی جب ہماری خواتین پوری اسٹرینتھ کے ساتھ دھرنے اور مارچ میں شریک ہوئیں اور معاملات بہت زیادہ حوصلہ افزا بن گئے جب سوشل میڈیا پر ہمارا موقف ہر جگہ نظر آیا ۔ہماری خواتین اور طالبات کے لئے اب اہم کام یہ ہے کہ نوجوانوں اور خواتین کے مسائل پر فوکس کریں ۔ وہ مسائل جو عام عورت اور نوجوان کی زندگی کو متاثر کررہے ہیں ۔ انہیں ہائی لائٹ کریں۔جب عام خواتین اور طالبات جماعت اسلامی کو اون کریں گی وہ آپ کی بڑی اور واضح کامیابی کہلائے گی۔نگران نشر و اشاعت کراچی ثمرین احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نشر واشاعت کا شعبہ ایسا ہے کہ اس میں وقت کی کوئی قید نہیں ۔اس سے جڑے افراد دن کے ہر حصے میں محاذ پر موجود رہتے ہیں۔

اس نشست میں ناظمہ ضلع شرقی ندیمہ تسنیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کا کام نظر نہ بھی آئے تو اللہ کے پاس ثبت ہوتا جارہا ہے ۔اللہ کیلئے ہم نے تمام صلاحیتیں وقف کردیںلیکن موثر کام ایک منظم اجتماعیت کے تحت ہی ہوسکتا ہے اس لئے نظم سے جڑے رہے۔آخر میں حافظ نعیم الرحمن کی دعا کے ساتھ نشست اختتام پذیر ہوئی۔