کراچی(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے 26جولائی کو اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے کو عوام کی آواز قراردیتے ہوئے اپنے خصوصی بیان میں کہاکہ ہوش ربا مہنگائی،زبردستی کے ٹیکسوں اور بجلی کے مہنگے ترین بلوں نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ لوگ خودکشی کررہے ہیں جب کہ مراعات یافتہ طبقہ عوام کا خون نچوڑ رہا ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ ظلم کے اس نظام کے آگے بند باندھا جائے اور اپنے جائز حق کیلئے آواز بلند کی جائے ۔
جاوداں فہیم نے کہاکہ ظلم بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے ہمیں فخر ہے کہ جماعت اسلامی پارلیمنٹ میں نہ ہونے کے باوجود عوامی مسائل کے حل کیلئے سرگرم عمل ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کرپٹ سیاستدانوں اور اہل اقتدار کو بے نقاب کرنے کا جو بیڑا اٹھایا ہے وہ قابل تحسین ہے۔جاوداں فہیم نے عوام سے اپیل کی کہ دھرنے میں بھرپور شرکت کریں، سوشل میڈیا اور سماجی ویب سائٹس کے ذریعے دھرنے کی تشہیر کریں اور ملک بچانے کی اس جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔کیوں کہ حافظ نعیم الرحمن تاریخی دھرنے سے عوام کا حق لیے بغیر نہیں اٹھیں گے۔