جعلی پاسپورٹ اور ویزے پر عراق جانے والے درجنوں زائرین پکڑے گئے

کراچی (صباح نیوز)  جعلی ویزے اور جعلی پاسپورٹ پر عراق جانے والے درجنوں پاکستانی عراق میں پکڑے گئے ۔ جنہیں ڈی پورٹ کردیا گیا ۔متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک نے پاکستانیوں کے لیے ویزا پابندیاں سخت کردیں ۔

 سندھ حکومت نے انسانی اسمگلنگ ،جعلی پاسپورٹ اور جعلی ویزا میں ملوث کمپنیوں اور ٹریول ایجنسیوں کے خلاف ڈنڈا اٹھا لیا ۔ ایسی کمپنیوں پر پابندی لگائی جائے گی ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت ذوالفقار شاہ نے شاہراہِ فیصل پر دنیا ٹریول اینڈ ٹورز کے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی سابق رکن صوبائی اسمبلی عبد الرشید گلشن اقبال ٹان کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد جماعت اسلامی کے رہنما اور دنیا ٹریول اینڈ ٹورز کے سی ای او حافظ فرحان احمد وقاص اعظمی اور نوید نون نے بھی خطاب کیا ۔

ذوالفقار شاہ نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد متحدہ عرب امارات جاکر سلپ ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کے لیے ویزا میں بہت سختیاں کردی ہیں ۔ اس دھندے میں بعض ٹریول ایجنسیاں ملوث ہیں ۔  ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن ایسے جعلی دھندا کرنے والے ایجنٹوں کی نشان دہی کرے تاکہ ہمیں کارروائی میں آ سانی ہو ان لوگوں کی وجہ سے بیرون ملک پاکستانیوں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ہر ملک نے ہمارے لیے ویزا پالیسی سخت کردی ہے پوری دنیا میں ہمارے لیے مشکلات ہورہی ہیں ۔سعید غنی نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات جس قدر خراب ہو ں حرمین جانے والے زائرین کی تعداد میں کمی نہیں ہوتی ۔ حکومت اس شعبے میں کام کرنے والوں کی ہر ممکن مدد کرے گی تاکہ زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات ملیں۔