مظفرآباد(صباح نیوز) آزاد جمو ں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآبادکا20واں کانووکیشن جمعرات 25جولائی 2024 کوعالیشان کنگ عبد اللہ کیمپس چھتر کلاس کے مرکزی آڈیٹوریم میں ہوگاجس کی صدارت چانسلر/صدرریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کریں گے۔
جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق بیسویں کانووکیشن کے دوران 9715طلبا و طالبات کو ڈگریاں جبکہ 49پوزیشن ہولڈر طلبہ کو گولڈ میڈل عطا کیے جائیں گے۔جامعہ کشمیر کے ترجمان کے مطابق اس کانووکیشن میں 1500آن کیمپس طلبہ جبکہ 8220جامعہ کشمیر سے الحاق شدہ کالجز/پرائیویٹ طلبہ کو بھی ڈگریاں دی جائیں گی۔20ویں کانووکیشن میں 36ڈاکٹریٹ جبکہ 96ایم ایس/ایم فل سکالرز کو بھی اسناد سے نوازا جائے گا۔کانووکیشن کی فل ڈریس ریہرسل کل بروز بدھ کنگ عبداللہ کیمپس میں ہوگی۔کانووکیشن کے کامیاب انعقاد کے لیے جامعہ کشمیر میں تیاریاں اپنے عروج پر ہیں۔
مختلف انتظامی کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر کانووکیشن کے انتظامات کے حوالہ سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کو کارکردگی رپورٹ پیش کررہی ہیں۔گزشتہ روز جملہ تشکیل دی گئی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کے زیر صدارت کنگ عبداللہ کیمپس میں منعقد ہوا جس میں کمیٹیوں کے سربراہان نے وائس چانسلر کو کانووکیشن کے حوالہ سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ کانووکیشن کے شاندار انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ کانووکیشن طلبا و طالبات کے تعلیمی سفر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت کی رکھتا ہے،جامعہ کشمیر کے تمام گریجویٹس کانووکیشن میں آمد پر بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔قبل ازیں کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر واجد عزیز لون نے وائس چانسلر اور شرکا اجلاس کو بیسویں کانووکیشن کے دوران ڈگریاں وصول کرنے والے گریجویٹس طلبا و طالبات کی تعداد،اپنے شعبہ سے متعلقہ انتظامات کے حوالہ سے تفصیلا آگاہ کیا۔
اجلاس میں رجسٹرارمیریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضی،میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر سید ندیم حیدر بخاری،ریذیڈنٹ ڈائریکٹر کنگ عبداللہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر ایاز عارف،ڈین سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیق،ڈین انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سعادت حنیف ڈار،ڈین سوشل سائنسزپروفیسر ڈاکٹر عبدالقادرخان،ناظم مالیات پروفیسر ڈاکٹر خواجہ بشارت،ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر شرجیل سعید،ایڈیشنل رجسٹرار سردارظفراقبال،ڈائریکٹر نیلم کیمپس ڈاکٹر ملک سجاد،ڈائریکٹر جہلم ویلی کیمپس ڈاکٹر فیصل بٹ،چیئرپرسن شعبہ سوشیالوجی ڈاکٹر نازنین حبیب،چیئرپرسن شعبہ آرٹ اینڈڈیزائن ڈاکٹر رخسانہ سید، آفیسر تعلقات عامہ مبشرنقوی،اسٹیٹ آفیسر راحیل عباسی انچارج سیکیورٹی امورو دیگر شریک ہوئے۔