سندھ حکومت ، کے ایم سی و کے الیکٹرک کی نااہلی نے معمولی بارش کو عوام کے لیے زحمت بنادیا ،منعم ظفر خان

کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہر میں بارش کے بعد پیدا شدہ صورتحال اور شہریوں کو درپیش مشکلات و پریشانیوں پر گہری تشویش اور حکومت و متعلقہ اداروں کی نااہلی و ناقص کارکردگی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت ، کے ایم سی اور کے الیکٹرک کی نااہلی و بد انتظامی نے کراچی میں تھوڑی سی بارش کو بھی عوام کے لیے زحمت بنادیا ،سڑکوں کی خستہ حالی اور گڑھوں کے باعث جگہ جگہ بارش کا پانی جمع ہوگیا، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور ٹریفک جام کے باعث شہری سڑکوں پر پھنسے رہے جبکہ ہمیشہ کی طرح بارش ہوتے ہی کے الیکٹرک کے فیڈر ٹرپ کرگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی،سخت گرمی اور حبس کے موسم میں کراچی کے عوام پہلے ہی بدترین لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا ہیں ،سڑکوں پر بارش کا پانی ،ٹریفک جام اور بجلی کے تعطل نے عوام کو شدید ذہی و جسمانی اذیت کا شکار کردیا،سندھ حکومت ، کے ایم سی اور کے الیکٹرک کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت و لاپرواہی کی سزا کراچی کے عوام پہلے ہی بھگت رہے ہیں ،جماعت اسلامی اور عوامی حلقوں کی جانب سے متعلقہ اداروں کو بار بار متوجہ کرنے کے باوجود ان کی بے حسی اور نااہلی ختم نہیں ہورہی ،شہر میں بڑے نالوں کی صفائی اور کھلے مین ہولز کئی برسوں سے شہر کا ایک بہت بڑا مسئلہ ہیں اور یہ شہریوں بالخصوص بچوں کے لیے موت کا کنواں ثابت ہورہے ہیں ،میمن گوٹھ میں تواتر کے ساتھ گٹر میں گر کر بچوں کی اموات کے افسوس ناک واقعات رونما ہوچکے ہیں جبکہ اخباری اطلاعات کے مطابق صرف رواں برس کھلے نالوں اور مین ہولز میں بچوں سمیت 25شہری اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں ،سندھ حکومت نے نالوں کی صفائی کے بجٹ میں نہ صرف کٹوتی کی بلکہ اس کے اجرا ء میں بھی تاخیر کی اور کے ایم سی نے بھی مون سون بارشوں کی پیشگی اطلاعات کے باوجود نالوں کی صفائی کا کام مکمل نہیں کیا، بارشوں کا آغاز ہوگیا ہے ،سڑکوں پر پانی جمع ہے اور اگر تیز بارش کے باعث نالے بھی اوور فلو ہوں گے تو اس کے نتیجے میں شہر میں سنگین صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ ہے جو خدانخواستہ عوام کی جان ومال کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ سندھ حکومت ،کے ایم سی اور کے الیکٹرک کی نااہلی ،بد انتظامی اور بے حسی ختم کریں ، اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور بارش و باران رحمت کو عوا م کے لیے زحمت بننے سے بچائیں ۔#