مہنگائی کے خلاف 26 جولائی کا دھرنا دکھوں کی ستائی عوام کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا ، محمد جاوید قصوری

پتوکی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ اور بے جاٹیکسز نے متوسط طبقے کو پیس کر رکھ دیا ہے بجلی مہنگی ہونے کی سب سے بڑی وجہ آئی پی پیزکے معاہدے ہیں ایک طرف حکمران طبقہ اور اشرافیہ فائدہ اٹھا رہا ہے تو دوسری طرف دینی مدارس اور مساجد بجلی کے بوجھ تلے دبے جا رہے ہیں ،ان حالات میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں مہنگائی کے خلاف 26 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دیا جائے گا جو دکھوں کی ستائی عوام کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے صباح نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات ضلع قصور حاجی محمد رمضان بھی موجود تھے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم انتہائی مشکل حالات سے گزر رہی ہے جبکہ حکمران طبقہ اور اشرافیہ اپنی عیاشیوں کے لیے مسلسل حکومتی خزانے کو لوٹ رہا ہے ان کی شاہ خرچیوں ۔پروٹوکول کلچر۔اور کرپشن پاکستانی معاشرے کو بری طرح متاثر کر رہا ہے یہی طبقہ سالانہ 220 ارب روپے کا مفت پٹرول 550 ارب روپے کی مفت بجلی استعمال کر رہی ہے اس سلسلے میں پاکستانی معیشت  آئی ایم ایف کے سامنے مکمل طور پر گروی رکھ دی ہے اور ہمارا یہ حال ہو گیا ہے کہ روزمرہ کی استعمال کی چیزوں کا تعین بھی  آئی ایم ایف کے نمائندے کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر یہی حال رہا تو عوام پر قرضے کا بوجھ بڑھتا چلا جائے گا جس کے نتیجے میں لوگ غلط راستے پر چل پڑیں گے جس سے معاشرے میں بدامنی ۔بے سکونی اور انارکی پھیلنے کا اندیشہ بڑھتا چلا جائے گا لہذا عوام کو چاہیے کہ وہ 26 جولائی کو اسلام آباد دھرنے میں اپنے حقوق کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اور اسلام آباد پہنچیں