پشاور(صباح نیوز)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت کو اپنا خاتمہ نظر آرہا ہے اس لیے یہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور احمقانہ بیانات دے رہے ہیں، پی ٹی آئی پر پابندی کس بنیاد پر لگائی جائے گی؟حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ہم نے پہلے بھی ان کا مقابلہ کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ مخصوص نشستوں کا فیصلہ آئین و قانون کے مطابق آنے پر ان کو تکلیف ہورہی ہے، وفاقی حکومت مینڈیٹ چور ہے اور جعلی طریقے سے اقتدار پر قابض ہے۔ مستقبل میں الیکشن ٹریبونل سے آنے والے فیصلوں سے ان کا دھڑن تختہ ہو جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ مقبول سیاسی جماعت پر پابندی کا فیصلہ حکومتی خواہش سے زیادہ کچھ نہیں، یہ سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔علی امین گنڈاپور نے کہاکہ تمام حربوں کے باوجود ان کو منہ کی کھانا پڑی ہے، کیا یہ ملک صرف ان کا ہے کہ جو دل میں آئے فیصلہ کریں۔ اسی حکومت نے خود ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا۔واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے علاوہ سابق صدر عارف علوی، عمران خان اور قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی چلانے کا فیصلہ کیا ہے،دوسری جانب وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا برسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ حکومت کی اب سیاسی موت آئی ہوئی ہے، اس لیے حکومت ایسے فیصلے کررہی ہے، ایسے فیصلے حکومت کی تباہی کا باعث بنیں گے