لاہور(صباح نیوز)لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ریفرنسز میںمسلم لیگ( ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز ڈینگی میں مبتلا ہونے کے باعث پیش نہ ہو نے پر سماعت 16 نومبر تک ملتوی کر دی۔
جمعہ کو لاہور کی احتساب عدالت میں ریفرنسز کی سماعت کے دوران شہبازشریف اور حمزہ شہباز احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت ایسوسی ایٹ وکیل نے بتایا کہ شہباز شریف اور حمزہ کے وکیل امجد پرویز کو ڈینگی ہو گیا جس کی وجہ سے وہ بار بار ہسپتال جا رہے ہیں۔اس موقع پر شہباز شریف نے عدالت سے استدعا کی کہ میری عدالت سے درخواست ہے کہ 10 دن کا التوا دے دیں کیونکہ بدھ کو مشترکہ اجلاس ہے۔احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ریفرنسز پر سماعت 16 نومبر تک ملتوی کر دی۔
لاہور (صباح نیوز)مسلم لیگ (ن)کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان نوٹس لینا چھوڑ دیں، قیمتیں بڑھ جاتی ہیں اب رات کے اندھیرے میں عوام پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے، ابھی زخم بھرے نہیں تھے پٹرول پھر آٹھ روپے مہنگا کر دیا گیا۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں پٹرول 78 روپے فی لٹر تھا، پچھلے دنوں پٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافہ ہوا تھا، عمران نیازی کہتے ہیں کورونا کی وجہ سے دنیا میں مہنگائی میں اضافہ ہوا، عمران خان کو جھوٹ کا تمغہ ضرور ملنا چاہئے، عمران نیازی قوم سے جھوٹ بولتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے، ان کے منہ سے ہمیشہ سونامی سنا ہے جس کا مطلب تباہی ہوتا ہے، پاکستان میں فی کس آمدن دیگر ممالک کی نسبت کم ہے، وزیراعظم اپنی انا سے نیچے اتر کر عوام کا احساس کریں، عوام مر رہے ہیں، بنی گالہ کا شہزادہ چین کی بانسری بجا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بنی گالا کا گھر ریگولرائز ہو جاتا ہے غریب کا ٹھیلہ مسمار کر دیا جاتا ہے، داخلی و خارجی محاذ پر پاکستان کو سبکی اٹھانا پڑتی ہے، ایوان وزیراعلیٰ میں سودے بازی سے پولیس افسران تعینات ہوتے ہیں، ملک کی کھسکتی ہوئی معیشت ہاتھ سے جا رہی ہے، عمران خان نوٹس لینا چھوڑ دیں، قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔