برسات میں اسلام آباد کا ہوائی اڈہ ڈوب جاتا ہے ، ارکان قائمہ کمیٹی ایوی ایشن

اسلام آباد (صباح نیوز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن میں ارکان نے کہا ہے کہ برسات میں اسلام آباد کا ہوائی اڈہ ڈوب جاتا ہے ،کمیٹی نے اسلام آباد ایئر پورٹ کا دورہ کرنے کا فیصلہ کرلیا,پائلٹس کے لائسنسز کے معاملے پر بھی رپورٹ طلب کرلی گئی،کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے میں دس ہزار جب کی ہوابازی ڈویژن میں 15 ہزار  سے زائدملازمین کام کررہے ہیں.

کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نوابزادہ افتخار احمد خان بابر کی زیر صدارت ہوا۔ ایوی ایشن ڈویژن اور اس کے ماتحت اداروں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزارت ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ106 آسامیوں پر لوگ کام کررہے ہیں،15 آسامیاں خالی ہیں،پی آئی اے کے پاس 34 جہاز ہیں، 12 گراؤنڈ ہیں، پی کے پاس ڈرائی لیز پر 13 جہاز ہیں،  آپریشنل 22 جہاز ہیں، پی آئی اے میں 10 ہزار 323 لوگ کام کر رہے ہیں،  7 ہزار 399 ریگولر ملازمین ہیں، ایوی ایشن حکام نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے روزویلٹ ہوٹل بند ہوگیا تھا،پہلے سال202 ڈالر پر ہوٹل کا کمرہ کرائے پر دیا گیا ہے، اے ایس ایف میں کل 15 ہزار 565 ملازمین کام کر رہے ہیں،

محکمہ موسمیات میں 2 ہزار 430 ملازمین کام کر رہے ہیں۔ ایوی ایشن حکام نے کہا کہ محمکہ موسمیات کے لئے نئے ریڈار لگائے جارہے ہیں۔کسان ایپ بنائی جائے گی ٹیسٹ ہوچکا ہے،  اگلے تین چار مہینوں میں کسان ایپ لانچ ہو جائے گی،کسانوں کو ایک موبائل فون پر تین پانچ دن کا ڈیٹا اور کھیتی باڑی کے لئے معلومات مل جائے گی، ایوی ایشن حکام نے کہا کہ مصنوعی بارش کے حوالے سے ایک منصوبہ لانچ کیا جائے گا۔رکن کمیٹی منزہ حسن نے کہا کہ  اسلام آباد ایئرپورٹ ہر برسات میں ڈوب جاتا ہے، اسلام آباد ایئرپورٹ کے دو رن ویز پر ایک وقت میں دو ایئرکرافٹ اکٹھے نہیں اتر سکتے،کسی جہاز کی ایمرجنسی لینڈنگ ہو اور دوسرا رن وے نہ ہو تو کیا کریں گے؟لاہور ایئرپورٹ پر جہازوں کی پارکنگ میں بڑا کریک ہے، وہ بڑھتا جارہا ہے، موسم اتنا تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے،کسانوں کے لئے ایپ بنانے میں اتنی تاخیر کیوں کی گئی،

رکن کمیٹی امتیاز احمد نے کہا کہ ایئرپورٹس کی پارکنگ ایریاز کا اسٹینڈرڈ برقرار رکھ لیں تو یہی بہت بڑی کامیابی ہوگی۔ ارکان نے کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا ادارہ ڈی جی کے بغیر قائم مقام پر چل رہا ہے۔رمیش لال نے کہا کہ  ہوائی اڈے  پر پوچھا جاتا ہے کہ آپ کے پاس ہتھیار ہے یا نہیں،جب چیکنگ کرتے ہیں تو پوچھنے کی کیا ضرورت ہے، جب فلائیٹ کی لینڈنگ ہوتی ہے،بیس بیس منٹ اس کو لفٹ نہیں لگاتے۔ سیکرٹری ہوابازی نے کہا کہ  آؤٹ سورسنگ انٹرنیشنل پریکٹس ہے۔سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ  ایاسا کا آڈٹ پی آئی اے نے کلیئر کر لیا ہوا ہے، ۔ ارکان نے استفسار کیا کہ  لاہور اسلام آباد روٹ کسی پرائیویٹ ایئر لائن کو دے رہے ہیں یا نہیں؟

حکام نے کہا کہ کوئی ایئر لائن لاہور اسلام آباد کے درمیان چلنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ لوگوں کی شکایات ہیں کہ پی آئی اے کی فلائیٹس لیٹ ہو رہی ہیں، کھانا غیر معیاری ہے،فیصل آباد میں کریش لینڈنگ کی وجہ کیا تھی؟ حکام نے کہا کہ جہاز کے انجن سے پرندہ ٹکرایا تھا،کمیٹی نے اسلام آباد ایئر پورٹ کا دورہ کرنے کا فیصلہ کرلیاکمیٹی نے پائلٹس کے لائسنسز کے معاملے پر بھی رپورٹ طلب کرلی