وطنِ عزیز کسی بھی قسم کے نامساعد حالات کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے ۔ سجادہ نشین پیرنقیب الرحمن


راولپنڈی (صباح نیوز)دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و ممتاز روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ ماہِ محرم الحرام حرمت والا مہینہ ہے جس کی تعظیم و تکریم ہم سب پر فرض ہے۔وطنِ عزیز پاکستان ہمارا گھر،ہماری چھت ہے جوکسی بھی قسم کے نا مساعد حالات کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے، فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر کا دین اور وطن عزیز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ مبارک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔انھوں نے کہا کہ  اس ماہِ مبارک کے دوران وطنِ عزیز پاکستان میں امن و سلامتی کے قیام اور آپس میں باہمی اخوت و محبت اور بھائی چارے و یگانگت کو فروغ دینے کے لئے ہم سب کو مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔ ہر قسم کے انتشار اور تعصب کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ تمام مقدسات کا مکمل ادب و احترام کیا جائے، اپنے مسلک کو نہ چھوڑیں اور دوسرے کے مسلک کو نہ چھیڑیں۔ اس ماہِ مبارک کا آغاز ہی یکم محرم الحرام کو خلیفہِ رسول  ۖ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کی شہادت سے ہوتا ہے۔دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین نے کہا کہ  امتِ مسلمہ صرف اور صرف اپنے نبی  ۖ کی غلامی و اتباع کے ذریعہ ہی دین و دنیا میں سر خرو ہو سکتی ہے۔ ماہِ محرم الحرام ہی میں اہلِ بیت اطہار رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین اور بالخصوص حضرت امام عالی مقام امام حسین  کی دینِ متین اسلام کی تا قیامت حفاظت و سر بلندی کے لئے عظیم و تابناک قربانی مسلمانانِ عالم کے جذبہِ ایمانی کو حرارت و قوت بخشتی رہے گی اور ہمیشہ خیر اور شر کے درمیان کسوٹی کا کام دے گی۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ امتِ مسلمہ انہی عظیم حسینی و فاروقی جذبوں سے سر شار ہو کر دین و دنیا میں کامیابی کا سامان کریں۔ محفل کے اختتام پرپیر محمد نقیب الرحمن نے وطن ِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین، نئے ہجری سال کے آغاز پر پوری امتِ مسلمہ کی حفاظت اور اقوامِ عالم میں اپنا کھویا ہوا وقار دوبارہ پانے اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و جبرسے نجات و آباد کاری کیلئے خصوصی دعا کی۔