راولپنڈی چیمبرآف کامرس میں تاجروں کا مشترکہ مشاورتی اجلاس

راولپنڈی(صباح نیوز)  راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں تاجر راہنماؤں کا مشترکہ مشاورتی اجلاس صدر چیمبر ثاقب رفیق اور گروپ لیڈر سہیل الطاف کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری، پنجاب اور راولپنڈی کے انجمن تاجران کے صدر شاہد غفور پراچہ سمیت انجمن تاجران کینٹ کے صدر شیخ حفیظ، ارشد اعوان، شیخ آصف ادریس،راجہ جواد اور ظفر قادری بھی موجود تھے۔ اجلاس میں بجٹ میں موجودہ ٹیکس گزاروں پر اضافی ٹیکسوں کی بھرمار، بجلی کے بلوں پر شدید ردعمل کا اظہارکیا گیا، اضافی سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس اور ڈیوٹی کو کاروبار کش اقدام قرار دیا گیا،

صدر ثاقب رفیق نے بتایا کہ اجلاس میں آئندہ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، تاجر راہنماؤں اجمل بلوچ اور کاشف چوہدری نے مل کر اور اتفاق رائے سے آگے بڑھنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے لیے پاکستان بھر کی تمام ٹریڈ یونینز، ایسوسی ایشنز اور چیمبرز سے رابطہ آج سے شروع کردیا گیا ہے، آئندہ چند دنوں میں مشاورت کے بعد مشترکہ ایکشن پلان کو حتمی شکل دی جائے گی، تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملک گیر مشاورت کے عمل کو تیز کیا جائے گا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ تمام فیصلے اتفاق رائے سے کیے جائیں گے