اسلام آباد(صباح نیوز)وزیردفاع خواجہ آصف نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی جانب سے حکومت کی مجوزہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے کے اعلان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے سابق وزیر اعظم کا موسم تبدیل ہورہا ہے، ان کا رویہ غیر سیاسی ہے لیکن ان کے دل میں کوئی ہمدردانہ گنجائش پیداہورہی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملٹری اسٹیبلشمٹ سے مذاکرات پی ٹی آئی کی خواہش ہے، اسٹیبلشمٹ ہی ہمیشہ پی ٹی آئی کی کفیل رہی ہے، پی ٹی آئی کو مذاکرات کی حکومتی پیشکش اب بھی برقرار ہے۔خواجہ آصف نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن سیاسی نہیں، قومی معاملہ ہے، ساتھ ہی انہوں نے دعوی کیا کہ حکومت خیبرپختونخوا آپریشن عزم استحکام کی حمایت کریگی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے آپریشن مخالف کوئی بات نہیں کی تھی، ان کا طرز عمل اس وقت بھی مثبت تھا،اب بھی ہوگا۔وزیردفاع نے کہا کہ لگتا ہے بانی پی ٹی آئی کا موسم تبدیل ہورہا ہے، بانی پی ٹی آئی کا رویہ غیرسیاسی ہے، لیکن انکے خیال میں بانی کے دل میں کوئی ہمدردانہ گنجائش پیداہورہی ہے،علاوہ ازیں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میںوزیردفاع خواجہ آصف نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن عزم استحکام ملکی سلامتی کا مسئلہ ہے، قومی فیصلوں میں اگر سیاسی پارٹیاں شامل ہوں تو یہ اچھی بات ہے، خیبرپختونخوا حکومت اس آپریشن کی حمایت کرے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کی کوئی انفرادی سوچ موجود نہیں ہے، ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات پی ٹی آئی کی خواہش ہے، لگتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ کے لیے موسم تبدیل ہورہا ہے۔پی ٹی آئی کو مذاکرات کی حکومتی پیشکش برقرار ہے، نواز شریف نے ہمیشہ دروازے کھلے رکھے ہیں، سیاستدان کبھی دروازے بند نہیں کرتا، یہ عمران خان تھا کہ جب ہم اسمبلی میں جاتے تھے تو وہ اسمبلی نہیں آتے تھے، یہ ان کی غیرسیاسی سوچ تھی۔وزیردفاع نے کہا کہ قومی فیصلوں میں اگر سیاسی پارٹیاں، خواہ چھوٹی ہوں یا بڑی شامل ہوں تو یہ اچھی بات ہے، میرے خیال میں پی ٹی آئی وزیراعظم کی بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف آپریشن قوم کی سلامتی کا مسئلہ ہے، اس میں نہ پی ٹی آئی، نہ پی ایم ایل این کی سیاست ہے، وزیراعلی خیبرپختونخوا نے بھی آپریشن عزم استحکام کے خلاف کوئی بات نہیں کی، ان کا طرز عمل مثبت تھا، امید ہے اب بھی مثبت ہوگا، خیبرپختونخوا حکومت اس آپریشن کی حمایت کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ ہمیشہ سے عمران خان کی کفیل رہی ہے۔عمران خان کے پاس اگر میرے خلاف ویڈیوز ہیں تو وہ 4 سال وزیراعظم رہے، مجھ پر مقدمات قائم کرلیتے، بانی پی ٹی آئی کو دیر سے خیال آیا، ان کے پاس میرے خلاف کارروائی کرنے کا موقع موجود تھا۔خواجہ آصف نے کہا کہ ان کے خیال میں عمران خان کے دل میں اسٹیبلشمنٹ کے لیے ہمدردانہ گنجائش پیدا ہورہی ہے، پی ٹی آئی اگر قومی سیاست میں کردار ادا کرنا چاہتی ہے تو ضرور ادا کرے، بڑی پراٹی ہے، اس کا ووٹ بینک ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی نے بغاوت برپا کی تھی جو خوش قسمتی سے ناکام ہوگئی، اب یہ پھر 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں، شبلی فراز نے بیان دیا ہے کہ خانہ جنگی ہوگی، شبلی فراز کے بیان کے بعد مذاکرات کی کیا گنجائش رہ جاتی ہے۔۔