بیجنگ (صباح نیوز)بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022 کے ٹارچ ریلے کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔ ٹارچ ریلے کی افتتاحی تقریب بیجنگ اولمپک فارسٹ پارک میں منعقد ہوئی۔
چین کے نائب وزیر اعظم ہان جینگ نے اس تقریب میں شرکت کی۔ یہ مشعل بردار ریلے تین علاقوں بیجنگ اولمپک فارسٹ پارک ، بیجنگ سرمائی اولمپک پارک اور شوگانگ پارک سے گزرے گا۔
چینی میڈ یا کے مطا بق ٹارچ بردار ریلے کے پہلے تین مشعل برداروں میں سابق عالمی اسپیڈ اسکیٹنگ چیمپیئن لو جی ہوان، ایرو اسپیس کے ہیرو جینگ ہائی پھینگ اور عوامی سائنس دان یے پئے جیان شامل ہیں اور اس ریلے کے آخری مشعل بردار برڈ نیسٹ کے ڈیزائنر لی شنگ گانگ ہوں گے۔
ٹارچ ریلے کے دوران چین میں زندگی کے تقریبا تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ممتاز شخصیات شریک ہوں گی۔ جن میں چائنا باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے چئیرمین یا منگ اور ڈاکٹر چانگ ای مو وغیر شامل ہیں۔
بیجنگ اولمپک فارسٹ پارک ریلے پوائنٹ جس کی کل لمبائی 10.6 کلومیٹر ہے یہاں 135 شخصیات مشعل اٹھائیں گی اور ہر مشعل بردار اوسطا 79 میٹر کا فاصلہ طے کرے گا۔