کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام مہنگی ترین بجلی کے الیکٹرک سے خریدنے پر مجبور اور وقت پر بل ادا کرنے کے باوجود بدترین لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا ہیں۔ مرمت کے نام پر بھی پورا پورا دن بجلی بند کی جارہی ہے،کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ اور اضافی بلوں نے عوام کا پارہ ہائی کر دیا ہے، اضافی بل بھیجے جانے پر شہری شدید ذہنی اور مالی اذیت کا شکار ہیں، شدید گرمی اور سمندری ہوائیں بند ہونے کے بعد کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا اور جن علاقوں کو استثنیٰ حاصل تھا وہاں بھی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جس سے شہری دہری اذیت میں مبتلا ہیں، اضافی بل اور لوڈشیڈنگ عوام پر ظلم ہے، گنجان آباد علاقوں میں لوڈ شیڈنگ 8 سے 10 گھنٹے تک کی جارہی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے اپیل کی کہ بجلی کے بلوں میں شامل مختلف ٹیکسز کو ختم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، نیپرا عوام پر کے الیکٹرک کے مظالم کا مداوا کرنے کے بجائے بی ٹیم کا کردار ادا کرنے سے باز رہے، نیپرا طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، اوور بلنگ اور خرابی آجانے کی صورت میں بعض جگہ 12گھنٹے اور کہیں 24 گھنٹے سے زائد وقت گزر جانے کے باوجود خرابی درست نہ کرنے کا نوٹس لے کر کے الیکٹرک پر بھاری جرمانہ عائد کرے۔انہوں نے مزیدکہاکہ مرکزی حکومت کو کراچی سے کوئی غرض ہی نہیں ہے
دوسری جانب صوبائی حکومت بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ، کے الیکٹرک کا لائسنس بڑھانے میں مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اور ایم کیوا یم تینوں جماعتیں ذمہ دار ہیں انہی کی وجہ سے شہری کے الیکٹرک کی جانب سے عذاب سے دوچار ہیں ۔کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری جگہ جگہ مظاہرے اور احتجاج کرنے پر مجبور ہیں ، رات میں بجلی نہ ہونے کے باعث کام پر جانے والے شہری سو نہیں پاتے اور دن بھر نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے پریشان رہتے ہیں ۔