کراچی(صباح نیوز) کراچی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے لیاری میں مشترکہ کارروائی کرکے گینگ وار کمانڈراحمد علی مگسی گروپ سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب2 ملزمان گرفتا ر کرلیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں خفیہ اطلاع پر رینجرز اور سی ٹی ڈی کی جانب سے مشترکہ کارروائی کی گئی جس میں اہم کامیابی ملی ہے۔ مشترکہ کارروائی میں گرفتار ملزمان کی شناخت شہزاد اور نوید کے نام سے ہوئی ۔ترجمان رینجرزکے مطابق ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ترجمان رینجرز کا بتانا تھا کہ لیاری سے گینگ وار کمانڈراحمد علی مگسی گروپ کے 2 انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار کر لئے گئے ۔ ملزمان لیاری گینگ وار کمانڈر احمدمگسی کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہیں، گرفتار ملزمان احمدعلی مگسی کے کہنے پر 50 سے زائد افراد کو اغوا کیا گیا۔ملزمان نے شہریوں کو اغوا کرکے تشدد اور قتل کرنے کے بعد لاشوں کو بوریوں میں ڈال کر لیاری ندی اور اس کے اطراف میں پھینکا تھا۔ جبکہ ملزمان عزیز بلوچ اور احمد علی مگسی کو پیسے بھجوانے میں بھی ملوث رہے ہیں، 2010میں لیاری گینگ وار کمانڈر احمد علی مگسی کے گروپ میں شامل ہوئے۔
اغوا کے بعد پھر ان کوسنگولین میں سلمان چیئرمین کے بنگلے میں بنائے گئے ٹارچر سیل میں لاتے تھے، مغویوں پر تشدد کے بعد قتل کر کے مختلف علاقوں میں لاشوں کو بوریوں میں بند کر کے پھینک دیتے تھے۔رینجرز ذرائع نے بتایا کہ ملزمان متعدد پولیس مقابلوں اور مخالف گروپوں کے خلاف لڑائیوں میں بھی ملوث رہے ہیں، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔