تمام ممالک کے پاس گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں. احسن اقبال

 اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت گوادر کی اعلی معیار کی ترقی گوادر کو سمندری تجارت کے مواقع کے ساتھ ایک عالمی سطح کا پورٹ سٹی بنانے میں معاون ثابت ہو گی۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق  ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ سے خطے میں سمندری تجارت کیلئے خاطر خواہ مواقع فراہم کرتا ہے جس میں سمندر سے محروم افغانستان کو بھی رسائی شامل ہے۔

احسن اقبال نے کہا پاکستان اور  چین کے اشتراک سے سی پیک کے ثمرات سے مستفید ہونے کیلئے تمام ممالک کے پاس گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔وزیر منصوبہ بندی نے کہا سی پیک کے پہلے مرحلے کے منصوبوں کی جلد تکمیل کے بعد آنے والے مرحلے میں پاکستان کے عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہونے کے ساتھ سماجی و معاشی  ترقی کے دروازے کھلیں گے۔اِس سے پاکستان کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا حصول ممکن ہو گا جو ملک میں زرعی انقلاب کا باعث بنے گی اور صنعتی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ پاکستان کو ماڈل برآمد کنندہ ملک میں بدلنے میں مدد ملے گی۔