وفاقی حکومت بزنس کمیونٹی کے مسائل کو سمجھتے ہیں اور اس کو حل کرنے کا تجربہ بھی رکھتے ہیں، پاکستان بزنس فورم

کراچی (صباح نیوز) چیئرپرسن پاکستان بزنس فورم سندھ شبنم ظفر نے کہا ہے کہ ہمارا عزم اور مشن بزنس کمیونٹی اور انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کا اتحاد، یکجہتی ہے، ہم ذاتی مفاد نہیں بلکہ بزنس کمیونٹی کے مفاد کی جنگ لڑرہے ہیں۔ بدھ کو کراچی میں بزنس کمیونٹی سیخطاب کرتے ہوئے شبنم ظفر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی جس اعتماد کااظہار کر رہی ہے ہم ان کو کبھی مایوس نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں شہباز شریف بزنس کمیونٹی کے مسائل کو سمجھتے ہیں اور اس کو حل کرنے کا وسیع تجربہ بھی رکھتے ہیں۔

اس موقع پر صدر پاکستان بزنس فورم کراچی ملک خدا بخش نے کہا کہ شہر قائد کے ساتھ کے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک اب بند ہونا چاہیے ۔ وفاقی بجٹ میں کراچی کے لئے ٹھوس ترقیاتی سکیموں کا اعلان ہونا چاہیے تاکہ شہر کو بین الاقوامی طرز کا انفراسکٹچر مل سکے۔ کراچی کے درپیش مسائل کو سندھ حکومت اور مئیر کراچی کے ساتھ اٹھائوں گا۔ اب وقت آگیا کہ کراچی ترقی کرے تب ہی یہاں کی بزنس کمیونٹی بہتر طریقے سے اپنا قومی کردار ادا کرسکے گی۔ گزشتہ ہفتہ لائنز کلب کے سابقہ انٹرنیشنل ڈائریکٹر ملک خدا بخش کو پاکستان بزنس فورم کراچی کا نیا صدر مقرر کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ محمود یعقوب اور بینا امین کو نائب صدر کراچی اور روبینہ رشید کو جنرل سیکرٹری کراچی مقرر ہوئی تھیں۔