اسلا م آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ خسارے میں چلنے والے اداروں کی شفاف اور تیز نجکاری یقینی بنائیں گے۔پیر کو وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن( پی آئی اے) کی نجکاری کے سلسلے میں 6 کمپنیوں اور کنسور شیمز کو پری کوالیفائی کر لیا گیا جن میں ایئربلو،عارف حبیب کارپوریشن ، بلیو ورلڈ سٹی ، فلائی جناح اور پاک ایتھنول کنسور شیم شامل ہیں۔وائی بی ہولڈنگز کنسورشیم بھی پری کوالیفائی کرنے والوں میں شامل ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پری کوالیفائیڈ کمپنیاں اور کنسور شیمز پی آئی اے کی بولی میں حصہ لے سکیں گی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ خسارے میں چلنے والے اداروں کی شفاف اور تیز نجکاری یقینی بنائیں گے، نجکاری میں حصہ لینے والے اداروں کے تکنیکی اور مالیاتی استحکام کو مدنظر رکھیں۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے خسارے والے اداروں کی نجکاری کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کاروباری گروپس کی ساکھ کا خیال رکھتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کریں گے اور نجکاری کاعمل میڈیا پر براہ راست دکھائیں تاکہ کسی کواعتراض نہ رہے