سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس پر سماعت کیلئے سپریم کورٹ کا فل کورٹ بینچ تشکیل


اسلام آباد (صباح نیوز)سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس پر سماعت کیلئے فل کورٹ بینچ تشکیل دے دیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 13 رکنی بنچ 3 جون کو سماعت کرے گا۔جسٹس مسرت ہلالی علالت کے باعث بنچ کا حصہ نہیں ہوں گی، جسٹس مسرت ہلالی کے علاوہ سپریم کورٹ کے تمام ججز بنچ کا حصہ ہوںگے۔واضح رہے کہ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا تھاجس کے بعد پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے تحت آئینی نکتے کی تشریح اور بڑے بینچ کی تشکیل کے لئے معاملہ ججز کمیٹی کو بھجوایا گیا تھا۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر حکومتی اتحاد کو دی گئی اضافی نشستیں معطل کر دی تھیں۔