مقبوضہ کشمیر میں کروناوائرس کے باعث مزید 7افراد جاں بحق ہوگئے ہیں


سری نگر… مقبوضہ کشمیر میں کروناوائرس کے باعث مزید 7افراد جاں بحق ہوگئے ہیں اس طرح کرونا وائرس سے مرنے والوں کی  مجموعی تعداد 4659ہوگئی ہے۔

پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 77ہزار 108ٹیسٹ کئے گئے جن میں 65مسافروں سمیت مزید 4615افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 32ہزار875ہوگئی ہے۔

کے پی آئی کے مطابق  کرونا کی روک تھام کے لیے  مقبوضہ کشمیر  لاک ڈاون  کے نتیجے میں بازار اور سڑکیں سنسان نظر آئیں،جبکہ عام زندگی بھی متاثر رہی۔ سرینگر میںسنڈے مارکیٹ بھی مسلسل تیسرے ہفتے  بند رہی ۔ لاک ڈاون  پیر کی صبح چھ بجے ختم ہوگا۔

سری نگرشہر کے تمام بازار بند ہیں اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حرکت بھی معطل رہی ۔ لاک ڈائون کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے کئی مقامات پر پولیس کے ناکے لگا دیئے گئے تھے اور اہم جگہوں پر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا تھا ۔