لاہور(صباح نیوز)پنجاب کے تمام اضلاع جہاں حال ہی میں انسداد پولیو مہم کا انعقاد کیا گیا ہے مہم کے کوائف کا تفصیلی جائزہ لیں اور بری کارکردگی دکھانے والے افسران کی جوابدہی کریں- یہ ہدایات پنجاب پولیو پروگرام سربراہ خضر افضال نے پیر کے روز ایک جائزہ اجلاس کے دوران جاری کیں جس میں 10 اضلاع کے محکمہ صحت کے افسران نے ویڈیو لنک پر شرکت کی۔
خضر افضال نے اضلاع کو ہدایت دی کہ چیف ایگزیکٹو افسران ماتحت عملہ کی پولیو مہم میں کارکردگی کا خود جائزہ لیں۔ انھوں نے کوائف کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے اضلاع کی استعداد کو بڑھانے پر زور دیا اور پنجاب پولیو پروگرام کے عملہ کو ہدایت دی کہ ضلعی افسران کی پولیو ڈیٹا پر تربیت کی جائے۔ تربیتی سیشنز میں تمام سی ای اوز کو شرکت کرنے کی ہدایت بھی جاری کیں۔ انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی کوریج کے کوائف کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں اضلاع کی تربیت کی جائے گی۔
انھوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ویکسین سے محروم بچوں کی انٹری کے حوالے سے پیش رفت خوش آئند ہے۔ انھوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی افسران پولیو مائیکرو پلان کی خود نگرانی کریں۔ خضر افضال نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جون میں پولیو مہم سے پہلے مائیکرو پلان کو مکمل کیا جائے۔ پولیو مہم کے دوران ناقص کارکردگے دکھانے والے افسران کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ اجلاس میں اضلاع کی حالیہ پولیو مہم میں کاردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔