سرینگر (صباح نیوز) مقبوضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کی جائیدادوں پر قبضے اور بے گناہ لوگوں کی مسلسل گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو غیر قانونی بھارتی قبضے کو چیلنج کرنے کی پاداش میں بے انتہا جبر کا سامنا ہے۔ عالمی برادری اپنا دوہرا معیار ترک کر کے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر د باؤ ڈالیں،
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کشمیری حریت قیادت ، کارکنوں اور عام لوگوں کے خلاف کارروائیوں کا مقصد انہیں حق خودارادیت کی جدوجہد سے باز رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنے تمام وسائل صرف کیے ، ہر وحشیانہ ہتھکنڈہ اپنا یا لیکن وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے مطالبے کو دبا نہیں سکا ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کو لاکھوں شہداء نے اپنے مقدس لہو سے سینچا ہے اور کشمیری عوا م بھارت کی تمام تر چالوں ، حربوں اور وحشیانہ ہتھکنڈوں کے باوجود شہدا ء کے عظیم مشن کو مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کے لیے پر عز م ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اپنا دوہرا معیار ترک کر کے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر د باؤ ڈالنا چاہیے۔دریں اثنا، سیاسی ماہرین اور تجزیہ نگاروں نے سری نگر میں اپنے انٹرویوز اور بیانات میں کہا کہ کشمیریوں کی جائیدادوں کی ضبطی مودی حکومت کی جانب سے سراسر سیاسی انتقام ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں سے ان کا سب کچھ چھین کر انہیں اپنے ہی وطن میں اجنبی بنانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت وحشیانہ مظالم کے ذریعے کشمیریوں کا جذبہ آزادی دبانے میں ناکام رہا ہے لہذا اب وہ انکے گھروں ، زمینوں او ر وسائل پر قبضہ کر رہا ہے۔