سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی اورنیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی مقبوضہ جموں و کشمیر کی شناخت اور وقار کے لیے الیکشن لڑ رہی ہے۔ فاروق عبداللہ نے چاڈورہ کے علاقے کانی ہامہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کوخبردارکیا کہ وہ مذہبی، علاقائی اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کا بیج بونے والی قوتوں سے ہوشیار رہیں۔
انہوں نے انتشار پیدا کرنے والی قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا۔فاروق عبداللہ نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے جموں وکشمیر سے اس کی شناخت اور حقوق چھین لئے۔انہوں نے مسائل کے حل کے لیے پاکستان کے ساتھ بات چیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی آنے والے پارلیمانی انتخابات کے لیے مذہبی کارڈ کھیل استعمال کررہی ہے اور لوگوں کو اس کا جواب ووٹ کے ذریعہ مستحق امیدواروں کے حق میں دینا چاہیے۔فاروق عبداللہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آنے والے پارلیمانی انتخابات کے دوران پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیں تاکہ جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال بدل جائے اور لوگوں کو راحت ملے۔