پیپلز پارٹی نے سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب کے لیے نامزد کردیا

اسلام آباد(صباح نیوز) پیپلز پارٹی نے سردار سلیم حیدر کو پنجاب کے گورنر کے عہدے کے لیے  نامزد کردیا ہے۔یاد رہے کہ ایک ماہ قبل پیپلزپارٹی نے گورنر پنجاب کے لیے 3 نام منتخب کیے تھے۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے گورنر کی فہرست کے لیے قمر زمان کائرہ ، مخدوم احمد محمود اور چوہدری ریاض کے نام شارٹ لسٹ کیے گئے تھے۔ تاہم اس حوالے سے دیگر مختلف ناموں پر بھی مشاورت جاری رہی اور اب سردار سلیم حیدر کو اس عہدے کے لیے نامزد کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ وفاق اور صوبوں میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات طے پائے گئے تھے جس میں فیصلہ کیا گیا تھا چیئر مین سینیٹ پیپلزپارٹی اور ڈپٹی چیئر مین ن لیگ کا ہوگا جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی ن لیگ اور ڈپٹی اسپیکر پیپلزپارٹی کا ہوگا۔ اور اس کے علاوہ گورنر سندھ و بلوچستان ن لیگ اور گورنر پنجاب پیپلز پارٹی کا ہوگا۔نامزد گورنر پنجاب کے لیے نامزد ہونے والے سلیم حیدر خان کا تعلق اٹک سے ہے۔اس حوالے سے سردار سلیم حیدر کی پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ایک ملاقات زرداری ہاوس اسلام آباد میں ہوئی۔ پی پی پی پنجاب کے رہنما راجہ پرویز اشرف، سید حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ،  ندیم افضل چن بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ ملاقات میں سردارسلیم حیدر کی بطور گورنرپنجاب نامزد کرنے کے فیصلے کو حتمی شکل دی گئی۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار سلیم حیدر کی تقرر ی کے حوالے سے پنجاب کی قیادت کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔سردار سلیم حیدر پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر بھی ہیں۔ وہ معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز، وزیر مملکت برائے دفاع اور دفاعی پیداوار بھی رہ چکے ہیں۔ وہ 2008 میں اٹک سے این اے 59 سے ایم این اے منتخب ہوئے۔سردارسلیم حیدر نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے مجھے خوشخبری سنائی ہے کہ آپ ہمارے گورنر پنجاب ہوں گے اور اس حوالے سے نوٹیفیکیشن جلد جاری ہوجائے ۔سی طرح خیبرپختونخوا میں پیپلزپارٹی کے فیصل کریم کنڈی کو گورنر تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔فیصل کریم کنڈی 2008 کی قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر رہ چکے ہیں جبکہ وہ پی ڈی ایم کی حکومت میں وزیراعظم کے مشیر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔