پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے دیں، اتنا ظلم نہ کریں، ہم اس کا حصہ نہیں بن سکتے، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ

کراچی (صباح نیوز)چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 28 اپریل کو کراچی کے باغ جناح میں جلسہ کرنے کی اجازت سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ایسٹ سے مکالمہ کیا ہے کہ انہیں بھی بغیر اجازت جلسہ کرنے دیں، اتنا ظلم نہ کریں، ہم اس کا حصہ نہیں بن سکتے۔ پی ٹی آئیکو سندھ ہائی کورٹ سے 28 اپریل کو کراچی کے باغ جناح میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں مل سکی۔سندھ ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کی جانب سے باغ جناح میں جلسہ کرنے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ دہشت گردی کے خطرات ہیں۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ کیا یہ 9 مئی کا واقعہ دوبارہ کردیں گے؟ ابھی حال ہی میں شہر میں کوئی جلسہ ہوا ہے؟ وکیل تحریک انصاف نے بتایا 2 روز پہلے مرکزی مسلم لیگ نے شاہراہ قائدین پر جلسہ کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے کہا کہ انھوں نے کسی کو جلسہ کرنیکی اجازت نہیں دی۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ سے مکالمہ کیا کہ انھیں بھی بغیر اجازت جلسہ کرنے دیں، اللہ جانے، یہ جانیں، آپ اپنے بڑوں سے بات کریں، اتنا ظلم نہ کریں، ہم اس کا حصہ نہیں بن سکتے۔ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے بتایا کہ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ کی رپورٹ بھی آئی ہے، ملیر میں ایک دھماکا ہوچکا ہے، مزید تھریٹس بھی ہیں، ایک مہینہ کا وقت بتایا جا رہا ہے۔عدالت نے سوال اٹھایا کہ اپنے دفاتر میں بیٹھیں، آپ بتائیں بلا اجازت جلسہ کرنے پر آپ نے کیا کارروائی کی؟ کیا ڈنڈے برسائے؟ رینجرز کا استعمال کیا؟ اجازت نہ دینے کی کوئی معقول وجہ بتائیں۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے وکیل سے کہا کہ آپ لوگ بھی احتیاط کریں، یہ نہ ہو کہ کوئی واقعہ ہو جائے تو یہ آپ کے کھاتے میں ڈال دیں گے۔سندھ ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر مزید سماعت 6 مئی تک ملتوی کردی۔۔