حکمرانوں کو مظلوم عوام کی آواز ہر صورت سننی ہوگی،مولانا ہدایت الرحمان بلو چ


کراچی (صباح نیوز)حق دو تحریک کے قائد جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان بلو چ نے کہاکہ کراچی اوربلوچستان کے عوام مظلوم ہیں دونوں علاقوں کے عوام جائز حقوق کے حصول کیلئے احتجاج پر ہیں حکمرانوں کو مظلوم عوام کی آوازہر صورت سننی ہوگی 28دنوں سے کراچی کے ہزاروں عوام سردی میں دن رات حقوق کے حصول کیلئے پرامن دھرنادیے بیٹھے ہیں لیکن حکمران ٹھس سے مس نہیں ہورہے ہیں ہم حکمرانوں سے حقوق لیکر ہی گھر جائیں گے ۔کراچی کو کالے قانون کے تحت یرغمال نہیں بننے دیں گے ۔بلوچستان کے وسائل بلوچستان پر خرچ کرنے اور بدعنوانی بھتہ خوری کمیشن ختم کرنے تک عوام خوشحال نہیں ہوسکتی کراچی کو ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی نے تباہ کرکے رکھ دیا ہے ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے کراچی میں سندھ اسمبلی کے سامنے جماعت اسلامی کراچی کے عوامی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے سندھ کے بڑے شہروں کو دیہات میںاور دیہاتوں کو ریگستانوں میں تبدیل کردیا ۔اس ظلم وجبر کے خلاف صرف جماعت اسلامی ہر جگہ احتجاج ودھرنے دیتے ہیں بلوچستان میں نوجوان وعوام پہلی بار متحد ہوکر حق دوتحریک کی شکل میں منظم ہوکر حکمرانوں سے جائز حقوق مانگ رہے ہیں بلوچستان کے وسائل کو ہڑپ کیے جارہے ہیں اور یہ لٹیرے اتنے بہادرہوگئے ہیں کہ حکمرانوں قانون سے نہیں ڈرتے کروڑوں روپے رشوت وبھتہ دیتے ہیں۔پیپلزپارٹی سے سندھ ،ایم کیوایم نے کراچی کو تباہ کردیا لاشوں ،پلاٹوں اورکرپشن وکمیشن کی سیاست کرنے والوں سے عوام تنگ آگیے ہیں اب قانون سازی کے ذریعے کراچی پر قبضے کا خواب دیکھ رہی ہے جماعت اسلامی ہر ظلم کے خلاف ہرپلیٹ فارم پر جدوجہد کر رہی ہے۔کراچی اور بلوچستان کے عوام حکمرانوں کے مظالم بے حسی ظلم وجبر سے تنگ آگیے ہیں ۔جماعت اسلامی کراچی اوربلوچستان کے عوام کو بچانے ان کو جائز حقوق دینے کیلئے حق دوتحریکیں چلارہی ہیں ۔ہمار احتجاج حقوق کے حصول تک جاری رہیگا اور ہمارااحتجاج پرامن قانونی ہے ہم کوئی غیر قانونی کام نہیں کریں گے حکمران چاہتے ہیں کہ ہم قانون ہاتھ میں لے لیں لیکن ہم ایسانہیں ہونے دیں گے پرامن ہیں حقوق لیکر رہیں گے احتجاج ودھرنا جلسہ جلوس ہمیشہ پرامن بامقصداور منظم ہوتاہے الحمداللہ آج تک احتجاج میں کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا انشاء اللہ ظالم جابر حکمرانوں سے حقوق چھین لیں گے ۔ بلوچستان کو حق دواور کراچی کو حق دو تحریکیں عوام کے دل کی آوازہے انشاء اللہ ان تحریکوں کی بدولت کراچی ، ،گوادر سمیت سندھ بلوچستان کے دور درازعلاقوں کے عوام کو حقوق ووسائل میسرہوں گے ۔حکومت واپوزیشن قوم کے سلگتے قومی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ۔لٹیروں کوبچانے اوربلاتفریق سب کا احتساب نہ کرنا قوم کیساتھ زیادتی ہے قومی مسائل مہنگائی بے روزگاری لاقانونیت فرقہ واریت ختم کرنے اورملک وملت کے حق میں قانون سازی کے بجائے حکومت اوراپوزیشن ایک دوسرے کو زیر کرنے میں مصروف ہیں ۔بدقسمتی سے قوم کو دیانت دار حکومت اور نہ ہی اپوزیشن ملی ہے جماعت اسلامی حکومت واپوزیشن کے بدعنوان عناصر کو بے نقاب کرتی رہیگی۔